وفاقی پولیس کی جرائم کو کنٹرول کرنے کیلئے کوششیں کارگر ثابت نہ ہو سکیں، اغواء، چوری کے واقعات میں اضافہ ہونے لگا

جمعرات 23 مئی 2019 22:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2019ء) وفاقی پولیس کی جانب سے جرائم کو کنٹرول کرنے کیلئے کی جانے والی تمام تر کوششیں کارگر ثابت نہ ہو سکیں، اسلام آباد میں اغواء، چوری، غیر اخلاقی حرکات کے واقعات میں آئے روز مسلسل اضافہ ہونے لگا، شہر اقتدار میں چوبیس گھنٹوں میں اغواء کی پانچ وارداتیں رپورٹ ہوئیں جبکہ چوری کی وارداتوں میں دو موٹرسائیکلیں، ایک گاڑی لاکھوں روپے مالیتی سامان اور نقدی چوری ہونے کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔

محمد توصیف نے گولڑہ پولیس کو بتایا کہ نامعلوم ملزمان نے میرے بیالیس سالہ بھائی محمد آصف کو چونگی نمبر 26 سے اغواء کر لیا۔ عبداللہ نامی شہری نے تھانہ نون میں تحریری درخواست دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ نامعلوم افراد نے میرے آٹھ سالہ بھائی امیر سعید کو اغواء کر لیا۔

(جاری ہے)

محمد آصف نے نیلور پولیس کو بتایا کہ نامعلوم ملزمان نے میری بیٹی (ث ب) بعمر اٹھارہ سال کو غیر اخلاقی حرکات کی خاطر اغواء کیا۔

محمد حنیف نے سہالہ پولیس کو بتایا کہ بحریہ ٹائون فیز 7 سے میرے چھبیس سالہ بیٹے چوہدری شمریز کو اغواء کر لیا گیا ہے۔ لال حسین نے آبپارہ پولیس کو بتایا کہ نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان نے میرے بیٹے محفوظ کیانی کو اغواء کر لیا۔ محمد رزاق نے نیلور پولیس کو بتایا کہ نامعلوم افراد نے میرے فارم ہائوس سے ٹرانسفارمر مالیتی چالیس ہزار روپے چوری کیا ہے۔

قیصر فاروق نے آئی نائن پولیس کو بتایا کہ نامعلوم افراد نے نمل یونیورسٹی کی پارکنگ سے میری موٹرسائیکل ہنڈا ون ٹو فائیو ALX-62 ماڈل 2019 مالیتی ایک لاکھ روپے چوری کیا نادر خان نے آئی نائن پولیس کو بتایا کہ ایچ نائن منگل بازار کی پارکنگ سے میری کرولا کار LRN-47 چوری ہوئی۔ ملک جائیداد نے گولڑہ پولیس نے بتایا کہ نامعلوم افراد نے میری فائیو سٹار موبائل شاپ سے ایک لاکھ بیس ہزار روپے نقدی، موبائل فون ودیگر سامان مجموعی مالیتی اڑھائی لاکھ روپے چوری کیا۔

شفیق الرحمان نے مارگلہ پولیس کو بتایا کہ نامعلوم افراد نے سنٹورس مال کی پارکنگ سے میری موٹرسائیکل ہنڈا ون ٹو فائیو AJM-549 چوری کی۔چوبیس گھنٹوں کے دوران اغواء اور چوری کی وارداتوں میں اس قدر اضافے سے ظاہر ہوتا ہے کہ پولیس کی جانب سے جرائم کو کنٹرول کرنے کیلئے کی جانے والی منصوبہ بندیاں بری طرح ناکام ہو چکی ہیں۔