کراچی، ایک جامع اشاروں کی زبان پر مبنی لغت وقت کی اہم ضرورت ہے،سید قاسم نوید قمر

جمعرات 23 مئی 2019 22:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2019ء) وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید قمر نے کہا ہے کہ ایک جامع اشاروں کی زبان پر مبنی لغت وقت کی اہم ضرورت ہے جس پر سب متفق ہوں تاکہ سماعت سے محروم افراد باآسانی ایک دوسرے تک اپنی بات پہنچا سکیں۔ یہ بات آج انہوں نے ڈیف ریچ اسکول اینڈ ٹریننگ سینٹر کراچی کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید قمر کو بتایا گیا کہ ڈیف ریچ پروگرام کا مقصد سماعت سے محروم افراد میں خود اعتمادی پیدا کرنا، انہیں دور حاضر کے مطابق تعلیم اور تربیت فراہم کرنا اور ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی کو یہ بھی بتایا گیا کہ اس مرکز کے معاملات چلانے میں انہیں حکومت سندھ کے اداروں اسپیشل ایجوکیشن، سندھ ٹی ای وی ٹی اے، زکوٰ? اور عشر، پلاننگ اینڈ ڈیلویپمنٹ اور بے نظیر بھٹو شہید یوتھ ڈیلویپمنٹ پروگرام کی معاونت حاصل ہے۔

(جاری ہے)

سید قاسم نوید قمر نے انہیں یقین دلایا کہ حکومت سندھ سماعت سے محروم افراد کی بحالی کے کاموں میں ان کی مزید معاونت کرے گی اور اشاروں کی زبان کی لغت کی تیاری میں ان کا محکمہ اس شعبے میں کام کرنے والی تنظیموں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے۔ انہوں نے مذید کہا کہ سماعت سے محروم افراد کو ڈرائیونگ لائسنس فراہم کرنے کے منصوبے پر کام جاری ہے اور اس سلسلے میں وہ محکمہ داخلہ اور سندھ ٹریفک پولیس کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید قمر نے امید ظاہر کی کہ سماعت سے محروم افراد اس سلسلے میں جلد اچھی خبر سنیں گے