Live Updates

انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت کی جانب سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے اعزاز میں دعوتِ افطار

وزیر خارجہ اسلامی جمہوریہ پاکستان شاہ محمود قریشی کی کویت آمد کے موقع پر انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت کی جانب سے وزیر خارجہ کے اعزاز میں کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ دعوتِ افطار کا اہتمام کیاگیا

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعرات 23 مئی 2019 21:34

انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت کی جانب سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ..
کویت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 مئی2019ء،نمائندہ خصوصی،محمد عرفان شفیق،کویت) وزیر خارجہ اسلامی جمہوریہ پاکستان شاہ محمود قریشی کی کویت آمد کے موقع پر انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت کی جانب سے وزیر خارجہ کے اعزاز میں کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ دعوتِ افطار کا اہتمام کیاگیا،جس میں وزیر خارجہ پاکستان شاہ محمود قریشی کے علاوہ او آئی سی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عبد اللہ ریاڑ ، سفیر اسلامی جمہوریہ پاکستان برائے کویت غلام دستگیر کے علاوہ کویت میں مختلف تنظیموں کے صدور، کمیونٹی کی نامور شخصیات اور پی ٹی آئی کویت ایگزیکٹو بورڈ ممبران، آرگنائزرز ونگز کے کثیر کارکنان نے شرکت کی۔



چئیرمین پی ٹی آئی کویت پیر امجد حسین، وائس چئیرمین ملک تبسم جاوید ، اور پی ٹی آئی کویت کے صدر اخلاق احمد ملک نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا اور اُن کو گلدستے پیش کئے۔

(جاری ہے)



پروگرام کی نظامت جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی کویت سید صداقت علی ترمذی نے کی۔ قاری صہیب انجم نے تلاوت قرآن اور محمد اعجاز مغل نے بارگاہِ رسالت میں ہدیہ نعت پیش کیا۔



چیئرمین پی ٹی آئی کویت پیر امجد حسین نے خطبہ استقبالیہ دیتے ہوئے مہمانِ خصوصی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیااور کہا کہ انہوں نے ہمارے ساتھ کیا ہوا پہلا وعدہ پورا کر دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب شاہ محمود قریشی وزیرِ خارجہ کے عہدے پر فائز نہیں بھی ہوئے تھے تو انہوں نے ہم سے وعدہ کیا تھا کہ کویت کی طرف پاکستانی ویزوں پر پابندی کے حوالے سے وہ ضرور کویت کا دورہ کریں گے، تو اس طرح انہوں نے اپنا وعدہ پورا کیا اور ہم امید کرتے ہیں کہ اس دورے کے نتائج بہت جلد سامنے آئیں گے۔



او آئی سی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عبداللہ ریاڑ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان تحریکِ انصاف کے پارٹی امور کے حوالے سے پر اثر گفتگو کی۔ سفیر اسلامی جمہوریہ پاکستان غلام دستگیر نے وزیر خارجہ کو کویت آمد پر خوش آمدید کہا اور ان کا شکریہ بھی ادا کیا اور اس کے علاوہ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کے فلاحی کاموں کو بھی سراہا۔



وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے سب سے پہلے تمام سیاسی جماعتوں کے عہدیداران ، میڈیا نمائندگان، کمیونٹی کی نامور شخصیات اور پروگرام کے منتظمین کے ساتھ ساتھ تمام خواتین و حضرات کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر کوئی یہ جمہوری حق رکھتا ہے کہ وہ جس پارٹی کو بھی چاہے اسپورٹ کرے۔

دیارِ غیر میں سب سے پہلے ہم پاکستانی ہیں، چاہے ہماری وابستگی کسی بھی جماعت سے ہو۔ وزیر خارجہ نے کویت کے ویزوں کے حوالے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وزیرِ داخلہ کویت، ڈپٹی وزیرِ اعظم کویت، اور امیرِ کویت تک ویزوں کے مسئلے کے حل کے لئے آواز اٹھائی ہے اور اُن کے ساتھ بھرپور اور واضح موقف کے ساتھ بات چیت کی ہےکہ اس مسئلے کو فی الفور حل کیا جائے خاص طور فیملی ویزوں کے اجرا ءکو فوری ممکن بنائے جائے، جس پر حکومتِ کویت کی جانب سے مثبت پیش رفت سامنے آئی ہے اور انشاء اللہ عید کے بعد پاکستان کے وزیرِ داخلہ کویت کا دورہ کریں گے اور حکومتِ کویت کے ساتھ معاملات کو احسن طریقے سے طے کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بیرونِ ممالک مقیم پاکستانیوں کی فکر کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ پاکستان کی قیادت ایک مضبوط، مخلص، ایماندار، اور جرات مند لیڈر کے ہاتھ میں ہے۔ ہم مسائل کا شکار ہیں اور ایک مشکل وقت سے گزر رہے ہیں لیکن انشاء اللہ بہت جلد پاکستان تمام مشکلات سے نکل کر حقیقی معنوں میں ترقی کے راستے پر گامزن ہوگا۔ ہم نے گزشتہ کئی دہائیوں کے مسائل کو حل کرنا ہے۔

پاکستان آج سے پہلے تقریبا 21 مرتبہ آئی ایم ایف کے پاس گیا ہے اور ہم کو بھی مجبوری میں جانا پڑا لیکن ہمارا یہ یقین ہے کہ یہ پاکستان کا آئی ایم ایف کے ساتھ آخری معاملہ ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ دو دہائیوں سے پاکستان کو عالمی سطح پر تنہائی کا شکار کرنے کی کوششیں کی جاری رہی ہیں. لیکن ہم ملک دشمن عناصر کو اس میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے. اور آج پاکستان تمام ممالک کے ساتھ دوبارہ بڑی تیزی سے تعلقات کو بہتر کر رہا ہے. انہوں نے کہا کہ ہم خطے اور دنیا میں امن کے خواہاں ہیں لیکن اپنی جغرافیائی حدود کی حفاظت کرنا جانتے ہیں، جس کی مثال گزشتہ دنوں میں جب بھارت نے پاکستان کے سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کی کوشش کی تو ہم نے بھرپور جواب دیا۔

انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستان کو ہم عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں کیونکہ یہ ڈالر کما کر پاکستان بھیجنے والے ہیں اور ہم اُن چوروں اور لٹیروں کا تعاقب کبھی نہیں چھوڑیں گے جو پاکستان سے ڈالر باہر بھیجتے ہیں۔ آخر میں چئیرمین پی ٹی آئی ایگزیکٹو بورڈ کویت پیر امجد حسین، وائس چئیرمین ملک تبسم جاوید، صدر اخلاق احمد ملک، سفیرِ پاکستان غلام دستگیر نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور او آئی سی سیکرٹری ڈاکٹر عبداللہ ریاڑ کو پاکستان تحریکِ انصاف کویت کی جانب سے سوینئیر پیش کیاگیا۔تقریب کے اختتام پر تمام مہمانوں کے لئے افطار کا اہتمام بھی کیا گیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات