پنجاب فوڈ اتھارٹی ٹیم کو ڈیوٹی کے دوران لاہور عبدالحکیم موٹر وے پرحادثہ

زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے کمانڈو عمران شہید، ڈائریکٹر ویجیلنس اور ڈرائیور شدید زخمی وزیر اعلی پنجاب کا حادثہ کا نوٹس، شہید کے خاندان ، زخمیوںکو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے، سردار عثمان بزدار ڈی جی فوڈ اتھارٹی اور دیگر اعلی افسران کی نمازہ جنازہ میں شرکت، شہید کے خاندان کے ساتھ غم بانٹا

جمعرات 23 مئی 2019 22:56

لاہور۔23 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2019ء) ڈائریکٹر ویجیلنس پنجاب فوڈ اتھارٹی میاں ندیم انورکی سربراہی میں سمگلنگ کی اطلاع پر جانے والی فوڈ سیفٹی ٹیم کی گاڑی کا ٹائر پھٹنے سے حادثہ پیش آ گیا۔ جس سے زخموںکی تاب نہ لاتے ہوئے کمانڈو عمران موقع پر شہید جبکہ ڈائریکٹر ویجیلنس اور ڈرائیور شدید زخمی ہو گئے جنھیں ہسپتال منتقل کر دیاگیا۔

فوڈ سیفٹی ٹیم 5 لاکھ پیکٹ گٹکا اور جعلی اشیائے خورونوش کی سمگلنگ کی اطلاع پر کارروائی کیلئے جڑانوالہ جارہی تھی ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی ٹیم کی گاڑی نمبرایل ای جی 1100 لاہور عبدالحکیم موٹر وے پرٹائر پھٹنے سے الٹ گئی۔فرائض کی ادائیگی کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے کمانڈو عمران شہید جبکہ ڈائریکٹر ویجیلنس اور ڈرائیور شدید زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ شہید عمران ریٹائرڈ ایس ایس جی کمانڈو اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ملازم تھے۔ عمران انتہائی دلیراورنڈر تھے۔کارروائیوں کے دوران جعل ساز مافیا کا دلیری سے مقابلہ کیا کرتے تھے۔ شہید عمران کی فیملی کو مکمل سپورٹ جبکہ زخمیوں کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے گا۔کیپٹن (ر) محمد عثمان کا کہنا تھا کہ ہمارے افسران ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان کو شہید محمد عمران اور زخمیوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ وزیر اعلی پنجاب نے چوہدری ظہیر کو ہدایت کی کہ شہید کے خاندان کے لیے مالی امداد کا کیس جلد نمٹا کر ان کے گھر جا کر ان کو پیش کیا جائے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان اور دیگر اعلی افسران نے شہید کے نمازہ جنازہ میں شرکت کی اور دکھ کی اس گھڑی میں شہید کے خاندان کے ساتھ غم بانٹا۔