تحریک انصاف اقتدار کے پہلے سال کے دوران سب سے زیادہ بیرونی قرضہ واپس کرنے والی حکومت بن گئی

وفاقی حکومت کی جانب سے رواں مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران 5.72 ارب ڈالر بیرونی قرضوں میں ادا کیے، 1 ارب 58 کروڑ ڈالر سود کی مد میں ادا کیے گئے

muhammad ali محمد علی جمعرات 23 مئی 2019 22:44

تحریک انصاف اقتدار کے پہلے سال کے دوران سب سے زیادہ بیرونی قرضہ واپس ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 مئی2019ء) تحریک انصاف اقتدار کے پہلے سال کے دوران سب سے زیادہ بیرونی قرضہ واپس کرنے والی حکومت بن گئی، وفاقی حکومت کی جانب سے رواں مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران 5.72 ارب ڈالر بیرونی قرضوں میں ادا کیے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے مالی سال کے ابتدائی 9 مہینوں میں 5.72 ارب ڈالر بیرونی قرضوں کی مد میں ادا کیے ہیں۔

اسٹیٹ بینک کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق حکومت نے 9 مہینوں میں 4 ارب 13 کروڑ ڈالر بیرونی قرضوں کے اصل اور 1 ارب 58 کروڑ ڈالر سود کی مد میں ادا کیے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کی تیسری سہ ماہی میں حکومت نے قرضوں کے اصل اور ان کے سود پر 1 ارب 95 کروڑ ڈالر خرچ کیے ہیں جس میں ایک ارب 46 کروڑ ڈالر قرضوں کے اصل اور 49 کروڑ ڈالر سود کی مد میں ادا کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے حکمراں جماعت کا دعویٰ ہے کہ پاکستان میں کسی بھی حکومت نے اپنے اقتدار کے پہلے 9 ماہ میں اس سے زیادہ بیرونی قرض واپس نہیں کیا۔ دوسری جانب پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں پھر سے زبردست کمی واقع ہوگئی ہے۔ اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں 78 کروڑ ڈالرز کی کمی واقع ہوئی ہے۔ 78 کروڑ ڈالرز کی کمی کے باعث مرکزی بینک کے ذخائر 8 ارب 5 کروڑ ڈالرز رہ گئے ہیں۔

جبکہ ملک کے کل زرمبادلہ ذخائر 15 ارب 12 کروڑ ڈالرز کی سطح پر آگئے ہیں۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر 50 پیسے مزید سستا ہوگیا۔ جمعرات کے روز انٹربینک میں کاروبار کے دوران ڈالر کی قیمت میں استحکام رہا اور کاروبار کے اختتام پر ڈالر 50 پیسے سستا ہوا جس سے اس کی قیمت 151.45 روپے ہوگئی۔ انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں کمی کے بعد اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر 50 پیسے مزید سستا ہوگیا۔

اوپن مارکیٹ میں ڈالر 152.50 روپے کا ہوگیا جب کہ مارکیٹ میں اس کی قیمت خرید 20 پیسے کم ہوکر 151.80روپے ہوگئی۔ اس کے علاوہ جمعرات کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی تیزی دیکھنے میں آئی۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 2 دن میں 6.4 فیصد بڑھ گیا۔ جمعرات کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 993 پوائنٹس کے بینڈ میں کاروبار ہوا اور 100 انڈیکس 944 پوائنٹس اضافے سے 35581 پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں 22 کروڑ شیئرز کے سودے 7 ارب روپے میں طے ہوئے جب کہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 127 ارب روپے بڑھ کر 7200 ارب روپے ہوگئی ہے۔ 2 روز کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس میں 2 ہزار پوائنٹس سے زائد کا اضافہ ہو اہے۔