محکمہ موسمیات نے مزید بارش، آندھی طوفان اور ژالہ باری کی پیشن گوئی کر دی

آئندہ 2 روز کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے

جمعہ 24 مئی 2019 00:18

محکمہ موسمیات نے مزید بارش، آندھی طوفان اور ژالہ باری کی پیشن گوئی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 مئی2019ء) محکمہ موسمیات نے مزید بارش، آندھی طوفان اور ژالہ باری کی پیشن گوئی کر دی، آئندہ 2 روز کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے کئی علاقے اس وقت موسلادھار بارش، آندھی طوفان اور ژالہ باری کی زد میں ہیں۔ خاص کر صوبہ بلوچستان کے کئی علاقے طوفانی بارش اور ژالہ باری کے باعث بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

صوبہ بلوچستان کے کئی علاقوں میں سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی ہے۔ جبکہ خیبرپختونخواہ اور پنجاب سمیت اسلام آباد بھی موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی زد میں ہیں۔ محکمہ موسمیات نے پیشن گوئی کی ہے کہ ملک کے کئی علاقوں میں بارش، آندگی طوفان اور ژالہ باری کا سلسلہ مزید 2 دب تک جاری رہ سکتا ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کو مالاکنڈ، ہزارہ، مردان، پشاور، کوہاٹ، بنوں، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودہا، فیصل آباد، ساہیوال ڈویژن، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

ہفتے کے روز بھی ملک کئی علاقوں میں بارش ہونے کا امکان ہے جس سے گرمی کی شدت میں کمی آئے گی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا، پنجاب، کوئٹہ، قلات، ژوب، لاڑکانہ ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں کئی مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق  دیر (بالائی17، زیریں04)، پٹن 09، مالم جبہ 06، چراٹ، کاکول 05، پاراچنار04، پشاور ( ایئرپورٹ03، سٹی 02)، بالاکوٹ، کالام، سیدو شیریف02، دالبندین17، بارکھان09 ، ژوب، خضدار02، کوٹلی 14، راولاکوٹ 05، گڑ ھی دوپٹہ 03، مظفرآباد01، مری، قصور06، منڈی بہائوالدین05، فیصل آباد03، منگلا، کوٹ ادو، ساہیوال02، لاہور (سٹی02، ایئرپورٹ01)، اسلام آباد، ڈی جی خان، خانپور، خانیوال01 اور لاڑکانہ میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

دوسری جانب ملک کے کئی علاقوں خاص کر سندھ میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے۔ جمعرات کو ملک میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت شہید بینظرآباد، جیکب آباد 43، روہڑی، سکرنڈ، موہنجوداڑو، لاڑکانہ، میرپورخاص، سکھر، تربت، نوپورتھل اور مٹھی میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔