پی ٹی ایم ملکی سالمیت کے خلاف ہے،ہمارا ان سے کوئی واسطہ نہیں

ہزارہ کمیونٹی نے کوئٹہ میں ہونے والے دھرنے سے خود کو الگ کر لیا

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعہ 24 مئی 2019 07:36

پی ٹی ایم ملکی سالمیت کے خلاف ہے،ہمارا ان سے کوئی واسطہ نہیں
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 مئی2019ء)   گزشتہ دنوں کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں ہزارہ کمیونٹی نے ہونے والی دہشت گردی اور جانوں کے نقصان کے ضیاع پر دھرنا دیا۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہزارہ کمیونٹی اس وقت ملک بھر میں سب سے زیادہ مظلوم ہے۔دہشت گردی کے واقعات میں ان کے درجنوں خاندان موت کے منہ میں چلے گئے اور یہ سلسلہ کئی دہائیوں سے جاری ہے۔

تاہم گزشتہ دنوں ان کی آواز کے ساتھ حکومتی پارٹی کے علاوہ معاشرے کے ہر طبقے نے بھی آواز بلند کی۔ہمدردی کی اس آڑ میں پی ٹی ایم اور اس کے قائدین نے بھی کوئٹہ میں دھرنا دیا۔ مگر یہ دھرنا ا س وقت متنازع ہو گیا جب پی ٹی ایم کے قائدین نے سٹیج پر کھڑے ہو کر ریاست اور فوج مخالف نعرے بازی کی۔اس نعرے بازی کی وجہ سے کئی لوگوں کی ہزارہ کمیونٹی کے ساتھ ہمدردی بھی کم ہو گئی کہ فوج تو دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کررہی ہے اور ان کی جان و مال کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہی ہے اور اب ہزارہ کمیونٹی کے لوگ پی ٹی ایم کے ساتھ مل کر ریاست مخالف بیان دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

تاہم اس حوالے سے ہزارہ کمیونٹی کے راہنما کا نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھاکہ کوئٹہ میں ہونے والے دھرنے سے ہزارہ کمیونٹی کاکوئی واسطہ نہیں۔ہماری کمیونٹی کے شہید ہونے والے افراد کے لواحقین میں سے کوئی بھی شخص اس دھرنے میں موجود نہیں تھا جہاں پی ٹی ایم کے سربراہوں نے ریاست اور فوج مخالف نعرے بازی کی۔ہم پی ٹی ایم سے مکمل طور پر لاتعلقی کا اعلان کرتے ہیں اور ان کے ایجنڈے سے بھی ہمارا کسی قسم کا کوئی واسطہ نہیں۔

پی ٹی ایم کے بیانات اور نعرے ریاست خلاف ہیں جن کی ہم مکمل طور پر مزمت کرتے ہیں۔ہزارہ کمیونٹی اپنے سکون اور حقوق کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھاتی رہی ہے اور اٹھاتی رہے گی اس کے لیے انہیں پی ٹی ایم جیسی کسی جماعت کی ضرورت نہیں ہے۔