انسانی حقو ق کی پامالیوں بارے جے کے سی سی ایس اور اے پی ڈی پی کی رپورٹ عالمی برادری کیلئے چشم کشا ہے ، عالمی برداری رپورٹ کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے حقو ق انسانی کی پامالیاں بند کرائے کیلئے کردار ادا کرے ، حریت فورم

جمعہ 24 مئی 2019 11:20

سرینگر ۔ 24مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2019ء) مقبوضہ کشمیرمیںمیر واعظ عمر فاروق کی سرپرستی میں قائم حریت فورم نے انسانی حقوق کی تنظیم جموںوکشمیرکولیشن آف سول سوسائٹی اور دوران حراست لاپتہ کشمیریوں کے والدین کی تنظیم اے پی ڈی پی کی حالیہ رپورٹ جس میں بھارتی فوجیوںکے ہاتھوںنہتے کشمیری عوام پر بدترین ظلم و تشددکی نشاندہی کی گئی ہے کو انصاف پسند اور انسانی اقدار پر یقین رکھنے ممالک کیلئے چشم کشا قرار دیا ہے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فورم کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ 560 صفات پر مشتمل رپورٹ جس میں 1990سے کشمیری عوام پر بھارتی فورسز کی طرف سے ظلم و تشدد کے واقعات کو سامنے لایاگیا ہے کی اقوام متحدہ کے سابقہ خصوصی نمائندے جان ای مینڈز کی طرف سے بھی تصدیق کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ رپورٹ میں کشمیریوںپر ظلم و تشدد کے واقعات، طریقہ کار، اس میںملوث اہلکاروں، مقامات اور دیگر تفصیلات بھی شامل ہیں۔

رپورٹ میں شامل کئے گئے 400سے زائد واقعات میں 24کشمیری خواتین سے متعلق ہیں جن میں سی12کو بھارتی فوجیوںنے بے حرمتی کا نشانہ بنایاگیا۔ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ بھارتی حکومت کشمیریوںپرتشدد کو مقبوضہ کشمیرمیں حالت کو کنٹرول کرنے کیلئے ایک آلہ یاہتھیار کے طورپر استعمال کر رہی ہے۔ فورم کے ترجما ن نے رپورٹ میں منظر عام پر لائی گئی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کوعالمی برداری کیلئے چشم کشا قراردیتے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں رائج کالے قوانین جن کے تحت بھارتی فوجیوں کو نہتے کشمیریوں کے قتل عام اور ان پر ظلم و تشد دکی کھلی چھوٹ حاصل ہے جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کی بڑی وجہ ہے کیونکہ آج تک کشمیر میں انسانی حقو ق کی پامالیوںمیں ملوث کسی بھی بھارتی فورسز کے اہلکار کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔

انہوںنے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں بشمول اقوام متحدہ ، انسانی حقوق کمیشن، ایمنسٹی انٹرنیشنل ، ایشیا واچ، اورعالمی ریڈ کراس سے اپیل کی کہ وہ اس رپورٹ کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروںکی طرف سے سے بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی پامالیاں بند کرانے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں۔ ادھر حریت فورم کے ترجمان نے کولگام میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں دو کشمیری نوجوانوں زاہد احمد اور عرفان منظور کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔