اوپن مارکیٹ میں ڈالرمزید سستا ہوگیا

اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 50 پیسے کی کمی،ڈالر 152 روپے کا ہو گیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 24 مئی 2019 11:23

اوپن مارکیٹ میں ڈالرمزید سستا ہوگیا
کراچی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مئی2019) پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری آنے لگی ہے۔ڈالر کی قیمت کو بریک لگ گئی ہے جب کہ روپے کی قدر میں اضافہ ہو رہا ہے۔اوپن مارکیٹ میں ڈالرمزید سستا ہو گیا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 50 پیسے کی کمی دیکھنے میں آئی ہے جس کے بعد ڈالر 152 روپے کا ہو گیا اوپن مارکیٹ میں ڈالر 152 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر 50 پیسے سستا ہو ا ہے جب کہ انٹر بینک میں ڈالر 5 پیسے سستا ہو کر 151 روپے 50پیسے میں فروخت ہو رہا ہے۔جب کہ دوسری جانب سٹاک مارکیٹ میں تیزی آنے اور ڈالر کی قیمت مزید نیچے آنے کی وکی وجہ سے سونا مزید سستا ہو گیا ہے۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 152 روپے 50 پیسے کا ہونے کے ساتھ ہی پاکستان اسٹاک ایکسچنج 100 انڈیکس میں 2 دن میں تاریخ ساز 2100 پوائنٹس کا اضافہ ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

جمعرات کے روز کاروباری دن 944 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 35 ہزار 581 پوائنٹس پر بند ہوا۔ اسٹاک مارکیٹ میں 2 دن میں ساڑھے 6 فیصد اضافہ ہوا جبکہ اس سے پہلے ایک ساتھ اتنا بڑا اضافہ اپریل 2009 میں ہوا تھا جب ایک ہی دن مین سٹاک مارکیٹ میں 8 فیصد اضافہ ہوا تھا۔ اسٹاک مارکیٹ میں 4 روز سے مسلسل مثبت اختتام ہورہا ہے اور چار دن میں مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں 389 ارب روپے کا اضافہ ہوچکا ہے۔

جمعرات کے روز سٹاک مارکیٹ میں 22 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت 7 ارب روپے سے زائد تھی۔جمعرات کو کاروباری دن میں مارکیٹ کیپٹلائزیشن 127 ارب روپے سے بڑھ کے 7 ہزار دو سو ارب روپے ہوگئی ۔سٹاک مارکیٹ کے اوپر جانے اور روپے کی قیمت میں بہتری کی وجہ سے سونے کی فی تولہ قیمت میں بھی 400 روپے کمی واقع ہوئی ہے اوراب ایک تولہ سونا 70 ہزار 900 روپے کا ہوگیا جبکہ انٹر بینک میں ڈالر151 روپے 45 پیسے کا ہوگیا ہے۔ اس سے پہلے بدھ کے روز سٹاک مارکیٹ میں تیزی کی وجہ سے صرافہ مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 800روپے کمی کے بعد سونا 71300روپے تولہ ہو گیا ہے جبکہ 10گرام سونے کی قیمت میں 686روپے کمی ہوئی ہے اور 10گرام سونا 61128روپے کا ہو گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :