عشاء اور تراویح کے لیے ایک لاکھ سے زیادہ مسلمانوں کی مسجد اقصیٰ آمد

جمعہ 24 مئی 2019 11:35

مقبوضہ بیت المقدس۔ 24مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2019ء) اسرائیلی فوج کی طرف سے عائد کردہ پابندیوں اور رکاوٹوں کے باوجود ایک لاکھ سے زیادہ فرزندان توحید نے مسجد اقصیٰ میں نماز عشاء اور تراویح کی نمازیں ادا کیں۔مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق تیسرے جمعہ کی شب کو ایک لاکھ سے زیادہ مسلمانوں نے مسجد اقصیٰ میں حاضری دی اور عشاء اور تراویح کی نمازیں باجماعت اداکیں۔

جمعرات کو دن بھر فلسطینیوںکی مسجد اقصیٰ آمد کا سلسلہ جاری رہا۔

(جاری ہے)

ہزاروں فلسطینیوں نے مسجد اقصیٰ ہی میں روزہ افطار کیا۔ نماز مغرب کے بعد ہزاروں افراد عشاء کی نماز ادا کرنے پہنچے۔اسلامی اوقاف انتظامیہ نے نماز عشاء اور تراویح میں مسلمانوں کی زیادہ تعداد کی آمد کے پیش نظر مسجد کے تمام اہم مقامات اورخواتین کے لیے مختص نمازکی جگہوں کو کھول دیا گیا۔ادھر مسجد اقصیٰ کے ڈائریکٹر الشیخ عمر الکسوانی نے کہا مسجد اقصیٰ میں ماہ صیام کے تیسرے عشرے کے لیے اعتکاف کی رجسٹریشن شروع کر دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماہ صیام کے آخری عشرے کا اعتکاف کل سے شروع ہوگا اور عید کا چاند نظر آنے تک جاری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :