فلسطین میں اسرائیلی توسیع پسندی میں امن بات چیت نہیں ہوسکتی، کویتی مندوب

جمعہ 24 مئی 2019 11:49

کویت سٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2019ء) کویت نے کہا ہے کہ جب تک صہیونی ریاست کی طرف سے فلسطین میں یہودی آباد کاری اور توسیع پسندی کا سلسلہ جاری ہے اس وقت تک اسرائیل کے ساتھ امن کی بات چیت نہیںہوسکتی۔مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں کویت کے مندوب منصور العتیبی نے کہا کہ اسرائیل کو فلسطین میں توسیع پسندی کا سلسلہ ترک کرنا ہوگا۔

اگر اسرائیلی ریاست فلسطینی علاقوں میں توسیع پسندی کا سلسلہ جاری رکھتی ہے تو اس کے ساتھ کسی قسم کی امن بات چیت آگے نہیں بڑھائی جاسکتی۔العتیبی نے کہا کہ فلسطین میں منصفانہ اور دیر پا امن کے قیام کی راہ میں اسرائیل کی توسیع پسندی رکاوٹ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین میں اسرائیل کی توسیع پسندانہ سرگرمیاں غیرقانونی اور غیر آئینی ہیں۔

(جاری ہے)

عالمی برادری کو صہیونی ریاست کی توسیع پسندی کی روک تھام کے لیے اپنا کردار اداکرنا چاہیے۔کویت کے مندوب نے یہودی آباد کاروںکی مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کی شدید مذمت کی۔ اٴْنہوں نے کہا کہ قبلہ اول کی بے حرمتی اور مقدس مقامات کی توہین بین الاقوامی قراردادوں بالخصوص سلامتی کونسل کی قرارداد 2334 کی خلاف ورزی ہے۔انہوںنے غزہ کی پٹی کے گرد 13 سال سے مسلط کردہ محاصرہ ختم کرنے اور غزہ کے عوام کوآزانہ معاشی حقوق کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔