بحرین: چھوٹی بچی کو گاڑی میں بٹھا کر خطرناک ڈرائیونگ کرنے والی خاتون گرفتار

اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد خاتون کے خلاف کارروائی کی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 24 مئی 2019 11:52

بحرین: چھوٹی بچی کو گاڑی میں بٹھا کر خطرناک ڈرائیونگ کرنے والی خاتون ..
منامہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،24 مئی 2019ء) بحرینی پولیس نے ایک خاتون کو غیر ذمہ دار ڈرائیونگ پر گرفتار کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بحرینی خاتون اپنی چھوٹی بچی کو گاڑی میں بٹھا کر غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کے الزام میں گرفتار کی گئی۔ چند روز قبل ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر بہت وائرل ہوئی تھی جس میں دیکھا جا سکتا تھا کہ ایک خاتون دارالحکومت منامہ کی سڑکوں پر کار چلا رہی ہے جبکہ گاڑی کی دائیں جانب والی کھڑکی سے ایک بچی نے سر نکال رکھا ہے اور اُس کا جسم کا اُوپری حصّہ کھڑکی سے باہر لٹکا ہوا ہے اور اندیشہ ہے کہ وہ کہیں وہ سڑک پر نہ گر جائے۔

اس ویڈیو کے وائرل ہونے پر سوشل میڈیا صارفین نے خاتون کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ بعد میں پتا چلا کہ یہ خاتون اُس بچی کی ماں ہے۔

(جاری ہے)

خود پر تنقید کے جواب میں خاتون نے بڑی ڈھٹائی سے کہا کہ اُس کی بیٹی کی خواہش تھی کہ وہ تیز رفتار ڈرائیونگ کرے کیونکہ اُسے تیز رفتار گاڑی کی سواری میں مزہ آتا ہے۔ تاہم خاتون کے اس جواب پر اُسے مزید مذمت کا سامنا کرنا پڑا اور اُسے ایک غیر ذمہ دار ماں قرار دیا گیا۔

اس ویڈیو کی پولیس میں بھی رپورٹ کروائی گئی۔ جس کے بعد پولیس کی جانب سے خاتون کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق خاتون کی غیر ذمہ دار ڈرائیونگ کے باعث اُس کی بچی کی جان کو شدید خطرہ ہو سکتا تھا۔ اس کا یہ رویہ ناقابل برداشت ہے اور اُسے اس خلافِ قانون حرکت پر عدالت کی جانب سے سنگین سزا کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔