Live Updates

قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر علی محمد خان مہر کے انتقال پر متفقہ طور پر تعزیتی قرارداد کی منظوری، ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا

جمعہ 24 مئی 2019 12:14

قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر علی محمد خان مہر کے انتقال پر متفقہ طور پر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2019ء) قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات علی محمد خان مہر کے انتقال پر متفقہ طور پر تعزیتی قرارداد کی منظوری دی گئی۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے قرارداد پیش کی جس میں علی محمد مہر کی عوام اور جمہوریت کے لئے خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

متفقہ قرارداد میں ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔ قرارداد کی منظوری کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر نے کہا کہ سردار علی محمد مہر غریب پرور ‘ شفیق اور مہربان انسان تھے۔ وہ تین مرتبہ اس ہائوس کے ممبر رہے ہیں۔ گھوٹکی اور سندھ کے عوام کے لئے انہوں نے بہت کام کیا۔ ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔

(جاری ہے)

وہ شفیق اور کم گو انسان تھے۔

انہوں نے مرحوم کے لئے مغفرت اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔ پیپلز پارٹی کے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ علی محمد مہر کے انتقال پر سب لوگ دکھی ہیں میں اپنی اور پارٹی کی طرف سے غمزدہ خاندان کے ساتھ افسوس کا اظہار کرتا ہوں۔ وہ منجھے ہوئے سیاستدان تھے اور پاکستان کی سیاست میں ان کا ایک مقام تھا۔ مسلم لیگ (ن) کے خواجہ محمد آصف نے کہا کہ مرحوم اور ان کے بزرگوں کے ساتھ ایک طویل عرصہ رفاقت رہی ہے۔

یہ وضع دار لوگ ہیں۔ اپنی جماعت اور قیادت کی طرف سے افسوس کا اظہار کرتا ہوں۔ اللہ ان کی اگلی منزلیں آسان کرے۔ فاروق اعظم نے کہا کہ علی محمد خان مہر اچھے اور عظیم انسان تھے‘ وہ ہمارے کولیگ بھی رہے ہیں۔ عبدالاکبر چترالی نے کہا کہ علی محمد مہر کے ساتھ اس ایوان میں ساتھ رہا ہے۔ ہم ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات