Live Updates

تحصیل کونسل ہری پور کے اجلاس میں پی ایف سی ایوارڈ کے معاملہ پر ممبران تحصیل کونسل کے درمیان ہنگامہ آرائی

جمعہ 24 مئی 2019 12:26

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2019ء) تحصیل کونسل ہری پور کے اجلاس میں پی ایف سی ایوارڈ کے معاملہ پر ممبران تحصیل کونسل کے درمیان ایک بار پھر ہنگامہ آرائی دیکھنے میں آئی، ایوان میں اپوزیشن ارکان نے شدید ہلڑ بازی اور شور شرابہ کیا، تحصیل ناظم و ممبران آمنے سامنے آ گئے اور ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ کر دی۔ پی ٹی آئی کی مقامی قیادت کی پی ایف سی فنڈ میں مداخلت نامناسب اقدام قرار دیدی گئی۔

پی ٹی آئی کے رکن انجینئر ناصر اقبال نے تحصیل ناظم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ ممبران تحصیل کونسل کے احتجاج پر تحصیل ناظم طارق خان نے پی ایف سی فنڈ سے ہونے والے متنازعہ ٹینڈرز کو فی الفور منسوخ کر دیا۔ ٹی او آر مظہر کو ٹی ایم او ہری پور تعیناتی کی قرارداد منظور کر لی گئی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق تحصیل کونسل کا اجلاس ایک دن کے وقفہ کے بعد دوبارہ شروع ہوا جس میں کمیونٹی سنٹرز کیلئے پی ایف سی ایوارڈ کے تحت چار کروڑ روپے مختص کئے جانے کے خلاف مسلم لیگ (ن) کے رکن سفیر خان کی قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ارکان کا کہنا تھا کہ پی ایف سی ایوارڈ پر صرف اور صرف ممبران تحصیل کونسل کا حق ہے، اس حوالہ سے جو خدشات تھے وہ آج سچ ثابت ہو گئے ہیں۔ ممبران نے کہا کہ کمیونٹی سنٹرز کے حوالہ سے ہمارے ساتھ ٹی ایل ایف فنڈ کے مطابق معاہدہ کیا گیا جو ٹی ایم اے افسران نے غلط بیانی سے کام لیتے ہوئے مذکورہ سکیم پی ایف سی ایوارڈ سے منظوری حاصل کی۔ صوبائی حکومت نے پی ایف سی ایوارڈ کی قسط تحصیل کونسل کو جاری کی جس پر صرف تحصیل کونسل کے ارکان کا حق ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔ ممبران اسمبلی اربوں روپے کے فنڈ لگا رہے ہیں تاہم چار کروڑ روپے انہیں غبن کرنا زیب نہیں دیتا، ہمیں اپنا حق چھین کر بھی لینا پڑا تو دریغ نہیں کریں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات