کھلابٹ کے تہرے قتل کیس کے ملزم میرافضل کو تین بار سزائے موت اور 6 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا

جمعہ 24 مئی 2019 12:26

کھلابٹ کے تہرے قتل کیس کے ملزم میرافضل کو تین بار سزائے موت اور 6 لاکھ ..
ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2019ء) ماڈل کورٹ ہری پور کے جج خالد محمود نے کھلابٹ کے مشہور تہرے قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم میرافضل کو تین بار سزائے موت اور 6 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی۔ مئی 2010ء کو سیکٹر تین میں میر افضل اور اس کے بھانجے مقدر شاہ نے فائرنگ کر کے باپ کو اس کے دو بیٹوں سمیت موت کے گھاٹ اتار دیا تھا، 2012ء کو عدالت نے مقدر شاہ کو تین بار سزائے موت کا حکم سنایا، مدعی کی طرف سے معروف قانون دان شبیر کنگ ایڈووکیٹ نے مقدمہ کی پیروی کی۔

تفصیلات کے مطابق یکم مئی 2010ء کو کھلابٹ ٹائون شپ سیکٹر نمبر تین میں مشہور زمانہ میر افضل نے دیرینہ رنجش پر اپنے بھانجے مقدر شاہ سے ملکر کلاشنکوفوں سے اندھا دھند فائرنگ کر کے صفدر زمان کو اس کے دو بیٹوں اختر زمان اور مختیار عرف طاہر کو بے دردی سے قتل کرنے کے بعد موقع سے فرار ہو گیا تھا۔

(جاری ہے)

پولیس نے مقتولین کے ورثاء کی رپورٹ پر دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے مقدر شاہ کو گرفتار کیا جسے 2012ء کو مقامی عدالت نے تین بار سزائے موت کا حکم سنایا۔

دریں اثناء 9 مئی 2014ء کو پولیس نے ملزم میر افضل کو گرفتار کیا جس کا کیس عدالت میں زیر سماعت رہا۔ گذشتہ روز ماڈل کورٹ ہری پور کے معزز جج خالد محمود نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد ملزم میر افضل کو تین بار سزائے موت اور چھ لاکھ جرمانے کی سزا سنائی۔ مدعیان کی جانب سے ممتاز قانون دان شبیر کنگ ایڈووکیٹ نے دلائل دیئے۔