خانپور روڈ پر مختلف موٹر سائیکل حادثات میں ایک شخص جاں بحق اور تین شدید زخمی ہو گئے

جمعہ 24 مئی 2019 12:26

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2019ء) خانپور روڈ پر مختلف موٹر سائیکل حادثات میں ایک شخص جاں بحق اور تین شدید زخمی ہو گئے، ایک زخمی کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال ہری پور کی انتظامیہ نے خانپور حادثہ میں جاں بحق شخص کا پوسٹ مارٹم کرنے سے انکار کر دیا، نعش واپس سول ہسپتال خانپور روانہ کر دی گئی، لواحقین نے ہسپتال انتظامیہ کے رویہ پر شدید احتجاج کیا، ایک حادثہ جبار چوک کے قریب جبکہ دوسرا جولیاں موڑ میں پیش آیا۔

تفصیلات کے مطابق خانپور روڈ پر جبار چوک اور جولیاں موڑ کے قریب دو مختلف المناک حادثات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ تین شدید زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق جبار چوک کے قریب تیز رفتار کیری سوزوکی اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم کے نتیجہ میں موٹر سائیکل پر سوار دو افراد جن کے نام امیر زادہ ولد مجاہد خان اور محسن خان ولد اخر ساکنان ضلع سوات بتائے جاتے ہیں، شدید زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

زخمیوں کو ہری پور ہسپتال منتقل کرنے کے دوران امیر زادہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا جبکہ ڈی ایچ کیو انتظامیہ نے جاں بحق شخص کا پوسٹ مارٹم کرنے سے صاف انکار کرتے ہوئے نعش واپس تحصیل ہیڈ کوارٹرز خانپور بھیج دی جس پر لواحقین نے ہسپتال انتظامیہ کے اقدام کے خلاف شدید احتجاج کیا ۔ دریں اثناء دوسرا حادثہ جولیا موڑ میں پیش آیا جس میں تیز رفتار موٹر سائیکل جس پر دو نوجوان سوار تھے، ٹرک سے ٹکرا گیا۔ حادثہ میں عبدالباسط ولد صدیق، نعمان ولد حنیف ساکنان ڈھوک حسو راولپنڈی شدید زخمی ہوئے۔