Live Updates

چین کے نائب صدر وانگ کی شان 26 مئی سے پاکستان کا دورہ کریں گے،

دورے کے دوران مختلف شعبوں میں مفاہمت کی دستاویزات اورمعاہدوں پردستخط ہوں گے،ترجمان دفتر خارجہ

جمعہ 24 مئی 2019 13:07

چین کے نائب صدر وانگ کی شان 26 مئی سے پاکستان کا دورہ کریں گے،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2019ء) عوامی جمہوریہ چین کے نائب صدر وانگ کی شان 26 مئی سے پاکستان کا دورہ کریں گے۔ چین کے نائب صدر وانگ کی شان 13 ویں نیشنل پیلزکانگریس اورمرکزی فارن افئیرز کمیشن کے رکن ہیں۔ مرکزی فارن افئیرز کمیشن چین کی کمیونست پارٹی کا اہم ادارہ ہے۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق عوامی جمہوریہ چین کے نائب صدر وانگ کی شان کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان سدابہارسٹریٹجک تعاون اوراشتراک کار کے عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔

ان کادورہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے دوطرفہ رابطوں کی ایک کڑی ہے جس میں وزیرعظم عمران خان کے نومبر2018ء کے دورہ چین اورپھر اپریل 2019 ء میں دورہ چین اوردوسری بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شرکت کے بعد تیزی آئی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہاکہ اپنے دورے کے دوران نائب صدر وانگ کی شان صدرمملکت عارف علوی اوروزیراعظم عمران خان سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔ان کے دورے کے دوران مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے مابین مفاہمت کی دستاویزات اورمعاہدوں پردستخط ہوں گے۔چینی نائب صدر کے دورہ سے پاکستان اورچین کے درمیان سدبہاراورآزمودہ دوستی کی اہمیت اجاگرہوتی ہے۔ ان کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میںکثیرالجہتی تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات