کرکٹر آصف علی کی بیٹی کی تدفین کردی گئی

اپنی بیٹی کو جنگجو کے طور پر یاد رکھنا چاہتا ہوں،یادیں ہمیشہ ساتھ رہیں گی:آصف علی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 24 مئی 2019 12:53

کرکٹر آصف علی کی بیٹی کی تدفین کردی گئی
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24مئی 2019ء) قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی آصف علی کی بیٹی نور فاطمہ کی نماز جنازہ فیصل آباد کے علاقے سمن آباد میں ادا کی گئی جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نور فاطمہ کی تدفین مقامی قبرستان میں کردی گئی۔گذشتہ شب کرکٹر آصف علی اپنی اہلیہ کے ہمراہ بیٹی کی میت لیکرلاہور سے فیصل آباد پہنچے جہاں ان کی بیٹی نور فاطمہ کی نماز جنازہ آج صبح ادا کی گئی۔

آصف علی کی بیٹی نور فاطمہ کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں اور 20 مئی کو امریکا میں انتقال کرگئی تھیں۔19ماہ کی نور فاطمہ کا گذشتہ کئی ہفتوں سے علاج جاری تھا اور انھیں پچھلے ماہ علاج کے لیے امریکا لے جایا گیا تھا۔ آصف علی کو بیٹی کے انتقال کی اطلاع انگلینڈ میں موصول ہوئی جہاں وہ ون ڈے سیریز میں قومی ٹیم کا حصہ تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آصف علی کا کہنا تھا کہ ہم سب اللہ کی امانت ہیں اور اسی کے پاس لوٹ کرجانا ہے،وہ ان تمام لوگوں کے شکر گزار ہیں جو اس مشکل وقت میں ان کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑے ہوئے،وہ ان تمام لوگوں کی دعاﺅں کی قدر کرتے ہیں اور ان کا شکریہ ادا کرنے کے لیے ان کے پاس الفاظ نہیں ہیں۔

اپنی بیٹی سے متعلق آصف علی کاکہنا تھا کہ وہ اپنی بیٹی کو ایک جنگجو کے طور پر یاد رکھنا چاہتے ہیں،وہ ان کے لیے ایک تحریک اور خدا کا تحفہ ثابت ہوئی،ان کی بیٹی جسمانی طور پر تو جدا ہوگئی ہے لیکن اس کی یادیں ہمیشہ ساتھ رہیں گی۔

متعلقہ عنوان :