احتساب کا عمل جاری رہے گا ، میں کسی خوف یا دباؤ میں نہیں آؤں گا

آئین وقانون کے مطابق اپنی ذمہ داری نبھاتا رہوں گا۔ چئیرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 24 مئی 2019 13:17

احتساب کا عمل جاری رہے گا ، میں کسی خوف یا دباؤ میں نہیں آؤں گا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 مئی 2019ء) : چئیرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے صاف کہہ دیا کہ میں کسی دباؤ میں نہیں آؤں گا۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل سے خصوصی بات کرتے ہوئے چئیرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ میں کسی بھی قسم کی بلیک میلنگ میں نہیں آؤں گا، میں اپنے مقصد پر ڈٹا ہوا ہوں، لہٰذا احتساب کا عمل جاری رہے گا۔

چئیرمین نیب نے کہا کہ میں اوچھے ہتھکنڈوں سے ہرگز خوفزدہ نہیں ہوں گا، بلکہ آئین وقانون کے مطابق اپنی ذمہ داری نبھاتا رہوں گا اور کسی خوف اوردباؤمیں ہرگز نہیں آؤں گا۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز چئیرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی جانب سے خاتون کو ہراساں کرنے کی مبینہ ویڈیو منظر عام پر آئی تھی جس کی نیب نے سختی سے تردید کر دی تھی۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی چینل نیوز ون نے اپنے چینل پر ایک ویڈیو چلائی تھی جس میں چئیرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی تصویر کے ساتھ ایک فون کال کی ریکارڈنگ چلائی گئی تھی جس میں ایک شخص ایک خاتون کو جنسی طور پر ہراساں کر رہا تھا۔

نیوز ون نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ آواز نیب نے جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی ہے اور انہوں نے خاتون کو ہراساں کیا لیکن کچھ دیر بعد ہی نجی ٹی وی چینل نے اپنی اس ویڈیو کو نہ صرف جعلی قرار دیا تھا بلکہ اس پر معذرت بھی کر لی تھی۔ جبکہ نیب نے بھی چئیرمین نیب کے خلاف نشر ہونے والی اس خبر کو حقائق کے منافی قرار دیا تھا۔ترجمان نیب کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ نیوز ون پر چیئرمین نیب کے حوالے سے حقائق کے منافی، من گھڑت ، بے بنیاد اور جھوٹی خبر چلائی گئی جس کا مقصد جسٹس (ر) جاوید اقبال کی ساکھ کو مجروح کرنا ہے۔

دوسری جانب چئیرمین نیب کے خلاف بے بنیاد اور جھوٹی خبر نشر کیے جانے کے معاملے پر وزیراعظم نے اپنے مشیر خاص طاہر اے خان کو برطرف کر دیا تھا ، ان پر اس معاملے میں ملوث ہونے کا الزام تھا۔