بھارتی فورسز کا رمضان المبارک میں بھی نہتے کشمیریوں پر مظالم کا سلسلہ جاری ہے،اشرف صحرائی

پوری دنیا میں قیدیوں کو بڑے دنوں پر رہا کرنے کی روایت ہے تاہم جموں کشمیر ایک ایسا خطہ ہے جہاں سیاسی نظر بندوں کو عید پربھی رہا نہیں کیا جاتا

جمعہ 24 مئی 2019 13:45

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2019ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور تحریک حریت جموںوکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے غیر قانونی طور پر نظر بند تمام کشمیریوں کی عید الفطر سے پہلے رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمد اشرف صحرائی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ پوری دنیا میں قیدیوں کو بڑے دنوں پر رہا کرنے کی روایت ہے تاہم جموں کشمیر ایک ایسا خطہ ہے جہاں سیاسی نظر بندوں کو عید پربھی رہا نہیں کیا جاتا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز کی طرف سے رمضان المبارک کے مقدس مہتے میں نہتے کشمیریوں پر مظالم اور بے گناہ نوجوانوںکی بلا جواز اور غیر قانونی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ محمد اشرف صحرائی نے کہا کہ کشمیر مکمل طور پر ایک انسانی اور سیاسی مسئلہ ہے اور بھارت کشمیریوں کے قتل اور انہیں سلاخوں کے پیچھے ڈالکر اس مسئلہ کو حل نہیں کرسکتا اور نہ ہی کشمیر کے زمینی حقائق تبدیل کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ نظربندوں کے عزم و ہمت کو توڑے کیلئے انہیں بڑے پیمانے پر سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ، انہیںطبی سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جا رہا ہے لیکن انہوں نے اپنے بلند حوصلوں کے ذریعے بھارت کے مذموم منصوبوں کو ناکام بنا دیا ہے اور کشمیری عوام اس بہادری اور عزم صمیم پر نظربندو ںکو سلام پیش کرتے ہیں۔ محمد اشرف صحرائی نے مزید کہا کہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے جبکہ اقوام متحدہ نے بھی اس کی متنازعہ حیثیت تسلیم کر رکھی ہے لہذا اس مسئلے کے حل کی بات کرنے کی پاداش میںجس کشمیری کو بھی سلاخوں کے پیچھے ڈالا جاتا ہے اس کی حیثیت سیاسی قیدی کی ہے اور وہ ان تمام سہولیات کا مستحق ہے جنکا عالمی سطح پر اسکے تعین کیا گیا ہے۔