ورلڈ کپ ٹائٹل جیتنا ایشز سیریز میں فتح سے بڑا کارنامہ ہو گا، کرس ووکس

جمعہ 24 مئی 2019 14:59

ورلڈ کپ ٹائٹل جیتنا ایشز سیریز میں فتح سے بڑا کارنامہ ہو گا، کرس ووکس
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2019ء) انگلش آل رائونڈر کرس ووکس نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ ٹائٹل جیتنا کینگروز کے خلاف ایشز سیریز میں فتح سے بڑا کارنامہ ہو گا۔ ٹیم کے پاس ہوم گرائونڈ پر عالمی ٹائٹل جیتنے کا سنہری موقع ہے اور ہدف کے حصول کیلئے کھلاڑیوں کو صلاحیتوں سے بڑھ کر پرفارم کرنا ہو گا۔ انگلینڈ نے رواں سال ورلڈ کپ کے بعد آسٹریلیا کے خلاف ایشز سیریز کی میزبانی کرنی ہے۔

ووکس نے اپنے بیان میں کہا کہ ہماری ٹیم کئی بار آسٹریلیا کے خلاف ایشز سیریز جیت چکی لیکن ہمارے پاس ورلڈ کپ ٹائٹل کی کمی ہے اسلئے میرے خیال میں ورلڈ کپ جیتنا ایشز سیریز میں فتح سے کہیں زیادہ بڑھ کر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر زندگی اور موت کا معاملہ ہو اور مجھے دونوں میں سے ایک کا انتخاب کرنا پڑے تو میں یقینی طور پر ورلڈ کپ ٹائٹل حاصل کرنا چاہوں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ٹیم کے پاس اپنی سرزمین پر عالمی ٹائٹل جیتنے کا بہترین موقع ہے اور مقصد کے حصول کیلئے کھلاڑیوں کو کھیل کے تینوں شعبوں میں سو فیصد کارکردگی دکھانا ہو گی۔ ان کا کہنا ہے کہ اس وقت تمام تر توجہ ورلڈ کپ پر مرکوز ہے۔ میگا ایونٹ کے بعد ایشز سیریز کے بارے سوچیں گے۔ واضح رہے کہ ورلڈ کپ 30 مئی سے شروع ہو گا اور انگلش ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف ابتدائی میچ سے مہم کا آغاز کرے گی۔

متعلقہ عنوان :