پاورسیکٹرکی آمدن میں8 ماہ میں81 ارب کا اضافہ ہوا، عمر ایوب

سحروافطار میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں ہورہی، 2020ء تک گردشی قرضوں کا بہاؤ صفر کردیں گے، اپوزیشن کی بے چینی بتاتی ہے کہ معاشی انقلاب آرہا ہے۔ وفاقی وزیرتوانائی کی میڈیا بریفنگ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 24 مئی 2019 16:09

پاورسیکٹرکی آمدن میں8 ماہ میں81 ارب کا اضافہ ہوا، عمر ایوب
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24 مئی 2019ء) وفاقی وزیرتوانائی عمر ایوب نے کہا ہے کہ پاور سیکٹر کی آمدن میں8 ماہ میں 81 ارب کا اضافہ ہوا، سحروافطار میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں ہورہی، 2020ء تک گردشی قرضوں کا بہاؤ صفر کردیں گے، اپوزیشن کی بے چینی بتاتی ہے کہ معاشی انقلاب آرہا ہے۔ انہوں نے آج یہاں میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ سحروافطار میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں ہورہی۔

ملک میں 8 ہزار سے زائد فیڈرز پر لوڈشیڈنگ نہیں ہورہی ہے۔ آج نارمل حالات میں بھی ملک کے80 فیصد فیڈرزپر لوڈ شیڈنگ نہیں۔ رمضان میں بجلی سیکٹرز کی کارکردگی عوام کے سامنے رکھیں گے۔15سو فیڈرز پر جہاں بجلی چوری ہوتی ، لوگ ہمارا ساتھ دیں ، اس بجلی کی چوری کو روکیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں معاشی انقلاب آرہا ہے، اسی لیے اپوزیشن بے چین ہے۔

(جاری ہے)

اپوزیشن نے اپنے دور میں بالکل کام نہیں کیے۔

انہوں نے کہا کہ گردشی قرضے کا ساڑھے 6 سوارب ورثے میں ملا ہے۔ گردشی قرضوں کا بوجھ آہستہ آہستہ کم کریں گے۔2020ء تک گردشی قرضوں کا بہاؤ صفر کردیں گے۔ گردشی قرضوں کا بہاؤ کم کرکے 26 ارب تک لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ 2025ء تک مکمل طور پرمتبادل ذرائع سے بجلی پیدا کریں گے۔ توانائی کے شعبے میں جلد نمایاں تبدیلی آئے گی۔ وفاقی وزیرتوانائی عمر ایوب نے کہا کہ حکومت کے مختلف اداروں سے وصولیاں ہوتی رہتی ہیں۔

صرف نجی شعبے سے 81 ارب کی اضافی وصولیاں ہیں۔سرکاری اداروں کو ملاکرمجموعی وصولیاں 91 ارب بنتی ہیں۔عمر ایوب نے کہا کہ 8 مہینوں میں پاور سیکٹر کی آمدن میں 81 ارب اضافہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی 7بار اور ن لیگ3 بار آئی ایم ایف کے پاس گئی۔ ن لیگ نے روپے کی قدر کیلئے 24 ارب ڈالر تندور میں جھونک دیے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ بم دھماکے کےشہدا کیلیے دعا کرتا ہوں۔ ملک دشمن عناصر کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔