مین جی ٹی روڈ پر ہوائی فائرنگ کرنے والا ملزم گرفتا

جمعہ 24 مئی 2019 16:56

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2019ء) پشاور پولیس نے جی ٹی روڈ پر کھلے عام اندھا دھند فائرنگ کرکے خوف و ہراس پھیلانے والے ملزم کو گرفتار کر لیا، مسلح ملزم تفریحی مقام چچا یونس پارک کے سامنے کسی بات پر مشتعل ہو کر ہوائی فائرنگ کر رہا تھا کہ اس دوران ڈیوٹی پر موجود سٹی پٹرولنگ فورس کے جوانوں نے مسلح شخص کو قابو کرتے ہوئے اس کے قبضہ سے ایک عدد کلاشنکوف اور کارتوس برآمد کر لیا، ملزم کے خلاف تھانہ شہید گلفت حسین میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مین جی ٹی روڈ پر چچا یونس پارک کے سامنے ایک مسلح شخص عوام میں خوف و ہراس پھیلاتے ہوئے اندھا دھند ہوائی فائرنگ کر رہا تھا جس کی فائرنگ سے کسی قسم کا جانی و مالی نقصان نہیں ہوا، فائرنگ کی آواز سنتے ہی قریبی ڈیوٹی پر موجود سٹی پٹرولنگ فورس کے جوانوں سے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر ہوائی فائرنگ کرنے والے ملزم محمد حسیب ولد محمد نجیب سکنہ سوڑیزئی بالا کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزم کے قبضہ سے ایک عدد کلاشنکوف اور کارتوس بھی برآمد کر لئے گئے ہیں ، اسی طرح ایک اور کارروائی کے دوران سٹی پٹرولنگ فورس کے جوانوں نے حاجی کیمپ اڈہ کے قریب ایک اور مسلح مشکوک شخص کو گرفتار کر کے اس کے قبضہ سے ایک عدد 9ایم ایم پستول برآمد کر کے حوالا ت منتقل کر دیا، دونوں ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کے لئے حوالات منتقل کر دیا۔