Live Updates

وزیرِاعظم عمران خان سے ایکسپو 2020ء تھیم کمیٹی کے اراکین کی گورنر ہاؤس کراچی میں ملاقات

جمعہ 24 مئی 2019 17:25

وزیرِاعظم عمران خان سے ایکسپو 2020ء تھیم کمیٹی کے اراکین کی گورنر ہاؤس ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2019ء) وزیرِاعظم عمران خان سے ایکسپو 2020ء تھیم کمیٹی کے اراکین نے گورنر ہاؤس کراچی میں ملاقات کی۔ ایکسپو 2020ء دبئی میں منعقد کی جا رہی ہے جس میں 190 کے قریب ممالک شرکت کر رہے ہیں۔ ملاقات میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی، مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد، سیکرٹری ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی صالح فاروقی، ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی سیّد رفیع بشیر شاہ و تھیم کمیٹی کے دیگر اراکین موجود تھے۔

اجلاس میں وزیرِاعظم کو ایکسپو 2020ء کے سلسلہ میں کی جانے والی تیاریوں اور اس ضمن میں مختلف شعبوں کے درمیان روابط و کوآرڈینیشن کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ قدرت نے پاکستان کو بے شمار نعمتوں اور صلاحیتیوں سے نوازا ہے، معیشت کے روایتی و غیر روایتی شعبوں میں پاکستانی مصنوعات کے علاوہ ملک میں سیاحت کی بھرپور صلاحیت موجود ہے جس کے بارے میں بین الاقوامی سطح پر آگاہی کا فقدان ہے۔

(جاری ہے)

ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان کی صلاحیتوں اور مختلف شعبوں میں مہارت کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایکسپو 2020ء پاکستانی مصنوعات اور سیاحت جیسے شعبوں کو علاقائی اور عالمی سطح پر روشناس کرانے کے سلسلہ میں آئیڈیل پلیٹ فارم مہیا کرے گا، اس پلیٹ فارم سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات