اسٹیٹ بینک کو روپے کی قدر پر کنٹرول رکھنا چاہیے۔ ایس ایم منیر

شرح سود میں اضافے سے صنعتی شعبہ اور ایس ایم سیکٹر شدید دباؤ کا شکار ہیں۔ دانش خان

جمعہ 24 مئی 2019 17:40

اسٹیٹ بینک کو روپے کی قدر پر کنٹرول رکھنا چاہیے۔ ایس ایم منیر
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2019ء) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر اور صدر دانش خان نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک کو روپے کی قدر پر کنٹرول کرنا چاہیے، شرح سود میں اضافے سے صنعتیں اور ایس ایم ای سیکٹر متاثر ہوں گے۔ جمعہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے کاٹی کی جانب سے دیے گئے افطار عشایئے کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، کاٹی کے افطار عشائیہ میں سینیئر نائب صدر فراز الرحمن، نائب صدر ماہین سلمان، سینیٹر عبدالحسیب خان، ایف پی سی سی آئی کے صدر انجینیئر دارو خان اچکزئی، خالد تواب، زبیر چھایا، پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال ، گلزار فیروز، مسعود نقی، فرحان الرحمٰن، جوہر قندھاری، فضل جلیل، ایس ایم یحیٰ، راشد احمد صدیقی، فرخ مظہر سمیت شہر کی معروف کاروباری شخصیات، سفارت کاروں اور سماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی، اس موقع پر ایس ایم منیر نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کو مالیاتی پالیسی پر کنٹرول کرنا چاہیے، روپیہ فری فلوٹ کرنے سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچے گا۔

(جاری ہے)

صدر کاٹی دانش خان نے افطار عشائیہ میں شرکت کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملکی معیشت شدید دباؤ کا شکار ہے، برآمدات میں اضافے کے لیے صنعتوں کی پیداواری لاگت کو بڑھنے سے روکنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی شعبے کی ترقی کے لئے ضروری ہے کہ حکومت صنعتی شعبے کو قرض کی فراہمی میں آسانیاں فراہم کرے تاکہ صنعتی شعبے خصوصاً ایس ایم ای سیکٹر کو ترقی اور فروغ حاصل ہو۔