یوم حضرت علی ؓ کے مرکزی جلوس کے انتظامات کا جائزہ اجلاس

جمعہ 24 مئی 2019 17:42

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2019ء) کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی زیر صدارت ان کے دفتر میں یوم حضرت علی ؓ 21 رمضان المبارک کے مرکزی جلوس کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر شرقی علی احمد صدیقی، سائوتھ صلاح الدین، ڈی آئی جی شرقی عامر فاروقی، سائوتھ شرجیل کھرل، رینجرز61 کے نصر بخش، یوم حضرت علیؓ کے مرکزی جلوس کے منتظمین سید شبر رضا اور ضلعی فوکل پرسن و دیگر نے شرکت کی۔

جمعہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے تمام محکموں کے انچارجز اور ڈپٹی کمشنرز ایسٹ و سائوتھ سے کوآرڈینیشن، ڈی آئی جیز ایسٹ و سائوتھ سے حفاظتی اقدامات اور مرکزی جلوس کی سیکورٹی اور متعلقہ محکموں سے ترقیاتی کاموں کے بارے میں تفصیلی معلومات لیں، دورانِ اجلاس تمام مرکزی جلوس ومجالس کی سیکورٹی کو یقینی بنانے اور یوم حضرت ِ علیؓ کے مرکزی جلوس کے روٹ پر تمام ترقیاتی کاموں، صفائی و ستھرائی، بجلی کی ترسیل، اسٹریٹ لائیٹس و کیمروں کی تنصیب، سیوریج لائنوں کی مرمت، گٹروں و روڈز کی پیچ ورک اور ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا اور تمام محکموں کے درمیان باہمی روابطہ اور عمل درآمد کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی، اجلاس کے دوران منتظمین ِ مرکزی جلوس سید شبر رضا زیدی و دیگر ضلعی فوکل پرسن نے اپنے اپنے اضلاع کے حوالے سے مختلف محکموں کی کارکردگی، مسائل و معاملات سے بھی آگاہی دی اور19، 20 اور 21 رمضان کے جلوسوں و مجالس کے حوالے سے کے الیکٹرک، واٹر بورڈ اور ڈٰی ایم سیز کے حوالے سے بھی کچھ معاملات پر مثبت اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے انہیں مرکزی جلوس سے قبل ہی حل کرنے کے حوالے سے زور دیا۔

(جاری ہے)

کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے تمام محکموں کو ہدایت جاری کیں کہ اب اجلاس منعقد کرنے کا وقت نہیں ہے لہذا فیلڈ میں آئیں، گرائونڈز معاملات کا جائزہ لے کر ترجیحی بنیادوں پر انہیں حل کریں، آپس میں رابطوں اور وسائل کو بہتر بنائیں اور مرکزی جلوس و مجالس کی سیکورٹی کے ساتھ ساتھ تمام سہولیات کو یقینی بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کریں جس میں کو ئی غفلت نہ ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام محکمے منتظمین کے ساتھ مرکزی جلوس کے روٹ کا فیلڈ دورہ کریں اور تمام معاملات خوش اسلوبی سے طے کریں جہاں جہاں جس چیز کی ضرورت ہے وہ پورا کرنے کے لئے اپنا بھر پور مثبت کردار ادا کریں اور مرکزی جلوس کے شرکاء کو ہر ممکن آسانی دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی جلوس کے روٹ پر ترقیاتی کاموں کو وقتِ مقررہ پر مکمل کیا جائے اور تمام حائل رکاوٹیں دور کی جائیں۔

کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے کہا کہ اس سلسلے میں وہ (آج) ہفتہ کو خود پوری ٹیم اور متعلقہ محکوں کے سر براہان اور منتظمین کے ساتھ مرکزی جلوس کے نئے روٹ کا دورہ اور گرین لائن منصوبہ کا بھی ذاتی طور پر جائزہ لے کر موقع پر ساری صورتِ حال کا مشاہدہ کریں گے اور تمام تر وسائل بروئے کار لاکر یومِ حضرت علیؓ کے مرکزی جلوس کو ہر سال کی طرح باحفاظت اپنی منزل تک پہینچانے کے لئے مکمل تعاون اور تحفظ فراہم کرنے کے لئے پولیس، رینجرز و دیگر قانونی اداروں کے تعاون سے یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ضلعی سطح پر ایمرجنسی کنٹرول قائم کرنے کی ہدایات دیں، نیز مرکزی جلوس کے راستے پر شرکائے جلوس کو پولیس، رینجرز و ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مقررہ مقامات پر سبیلوں کا بھی انتظام بھی کیا جائیگا اور شرکائے مرکزی جلوس کو تمام تر سہولیات اور ہیٹ وویو کے پیشِ نظر تمام تر انتظامات کو یقینی بنایا جائیگا۔