نیشنل ایکشن پلان کے تحت مختلف شہروں میں کارروائیوں کے دوران کالعدم تنظیموں کے متعدد کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے،

کالعدم تنظیموں کی581اثاثہ جات کو سرکاری تحویل میں لے کر وہاں ایڈمنسٹریٹرز تعینات کر دیئے گئے ہیں،عوام چندہ اکٹھا کرنے والے عناصر کے بارے میںبروقت اطلاع دیں تاکہ کارروائی عمل میں لائی جا سکے،صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری کی پریس کانفرنس

جمعہ 24 مئی 2019 18:33

نیشنل ایکشن پلان کے تحت مختلف شہروں میں کارروائیوں کے دوران کالعدم ..
لاہور۔24 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2019ء) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے مختلف شہروں میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیموں کے متعدد ارکان اور رہنماؤں کو گرفتار کر لیا ہے،گرفتار ہونے والوں میں گوجرانوالہ سے کالعدم تنظیم سپاہ صحابہ پاکستان کا رکن محمد زاہد اور کالعدم تنظیم جیش محمد کا رکن عرفان احمد شامل ہیں،لاہور سے کالعدم تنظیم سپاہ صحابہ کے ممبر حافظ محمد حمزہ اور حنظلہ بھی گرفتار کئے گئے ہیں، راولپنڈی سے کالعدم تنظیم جیش محمد کا رکن ظفر اقبال جبکہ ملتان سے سپاہ صحابہ کا رکن محمد اعجاز بھی گرفتار ہوا،یہ بات صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے ڈی جی پی آر آفس میں پریس کانفرنس کے دوران بتائی، صوبائی وزیر نے بتایا کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف آپریشن 4 مارچ کو شروع ہوا جس میں حکومت پنجاب دیگر تمام صوبوں سے آگے رہی، آپریشن کے دوران چند ہی ہفتوں میں اقوام متحدہ کی جانب سے کالعدم قرار دی جانے والی تنظیموں سے منسلک دیگر تنظیموں کے اکاؤنٹس اور اثاثہ جات مساجد، مدارس، سکول، ہسپتال، ڈسپنسریاں وغیرہ کو سرکاری تحویل میں لینے کا اعلان کر دیا گیا، کالعدم تنظیموں کے تمام اثاثہ جات جن کی تعداد 581ہے کو سرکاری تحویل میں لے کر وہاں ایڈمنسٹریٹرز تعینات کر دیئے گئے اور ان کا کنٹرول محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم کے حوالے کر دیا گیا، صوبائی وزیر نے بتایا کہ ان اداروں میں کام کرنے والے تمام لوگوں کو باقاعدہ تنخواہ دی جا رہی ہے، اس کے علاوہ تمام پرنٹنگ پریس پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ کالعدم تنظیموں کے بارے میں کوئی مواد چھاپا نہ جا سکے، صوبائی وزیر نے متنبہ کیا کہ اگر کوئی پرنٹنگ پریس غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، حکومت پنجاب کالعدم تنظیموں کے تمام عناصر کی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ اور ان کی روک تھام کے لئے پوری طرح سرگرم ہے،سید صمصام بخاری نے میڈیا کو بتایا کہ حال ہی میں اطلاعات ملیں کہ مختلف علاقوں میں بعض عناصر کالعدم تنظیموں کے لئے چندہ جمع کر رہے تھے، سی ٹی ڈی نے چھاپے مار کر ان تمام عناصر کو گرفتار کر لیا ہے، صوبائی وزیرنے عوام پر زور دیا کہ وہ ایسے عناصر کے بارے میں جو چندا اکٹھا کرتے ہیں بروقت اطلاع دیں تاکہ ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا سکے، انہوں نے کہا کہ اہداف کے حصول تک نیشنل ایکشن پلان کے تحت کالعدم تنظیموں کے خلاف آپریشن جاری رہے گا، حکومت پنجاب بلا ہچکچاہٹ مرکزی حکومت کے احکامات پر صوبہ بھر میں عملدرآمد کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔