Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب سے داتا دربار کے باہر دھماکے میں شہید افراد کے ورثا کی ملاقات

سردار عثمان بزدار نے شہدا ء کے لواحقین کو 10،10 لاکھ روپے مالی امداد کے چیک دیئے

جمعہ 24 مئی 2019 18:55

وزیراعلیٰ پنجاب سے داتا دربار کے باہر دھماکے میں شہید افراد کے ورثا ..
لاہور۔24 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیر اعلیٰ آفس میں داتا دربار کے باہر دھماکے میں شہید افراد کے لواحقین نے ملاقات کی ،وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں ریلوے کالونی گڑھی شاہو کے رہائشی شہید رفاقت علی کی بیوہ نازیہ بی بی،مصطفی آباد سوئی گیس چوک شاہدرہ کے رہائشی شہید محمد نواز کی بیوہ ثریا بیگم،پاکپتن کے رہائشی شہید طاہر اسلم کے والد محمد اسلم اورلوہاری گیٹ سوترمنڈی لاہور کے رہائشی شہید مدثرکی والدہ نوشے شامل تھیں، وزیراعلیٰ نے شہید رفاقت علی کی بیوہ نازیہ بی بی، شہید محمد نواز کی بیوہ ثریا بیگم، شہید طاہر اسلم کے والد محمد اسلم اورشہید مدثر کی والدہ نوشے کو 10،10 لاکھ روپے مالی امداد کے چیک دیئے،وزیراعلیٰ نے دھماکے میں شہید افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا، وزیراعلیٰ نے شہید رفاقت علی کی کمسن بیٹی سے شفقت کا اظہاربھی کیا، وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ مجھے آپ کے پیاروں کے بچھڑنے کا بے حد افسوس ہے، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،ہم آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اورہماری ہمدردیاں آپ کے ساتھ ہیں،حکومت آپ کے ساتھ کھڑی ہے، آپ تنہا نہیں،قوم آپ کے ساتھ ہے، انہوں نے کہا کہ مالی امداد کسی انسانی جان کا مداوا نہیں لیکن ہم آ پ کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور آپ کے دیگر مسائل بھی حل کیے جائیں گے،انہوں نے کہا کہ ہم شہداء کے خاندانوں کو سلام پیش کرتے ہیں،تحریک انصاف کے رہنما علی اصغر منڈا، گل آغا، غلام محی الدین دیوان اور زمان نصیب بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات