امریکا کا فلسطینی پناہ گزینوں کی ریلیف ایجنسی ختم کرنے کا مطالبہ

جمعہ 24 مئی 2019 20:01

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مئی2019ء) امریکا کے مشرق وسطی کے لیے امن مندوب جیسن گرین بیلٹ نے فلسطینی پناہ گزینوں کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی اونرواکو ختم کرنے اور فلسطینی پناہ گزینوں کے امور اور ان کی خدمات میزبان ممالک کے حوالے کرنے پر زور دیا ہے۔مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق عالمی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں امریکی ایلچی نے کہا کہ عالمی برادری کو یہ تسلیم کرنا چاہیے کہ اونروا فلسطینی قوم کے لیے باعث عار ثابت ہوا ہے۔

گرین بیلٹ کا مزید کہنا تھا کہ ریلیف ایجنسی'اونروا' سے منسلک فلسطینیوں کو گمراہ کیا گیا۔ انہیں سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا۔ انہیں ایک انسان کے طور پر ڈیل کرنے کے بجائے استعمال کی عام چیز سمجھا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ جو فلسطینی 'اونروا' میں کام کرتے ہیں انہیں اس سے بہتر کا حق ہے،ہمیں فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان جاری تنازع کے حل کے لیے انتظار کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

جیسن گرین بیلٹ کا کہنا تھا کہ امریکا فلسطینی پناہ گزینوں کے میزبان ممالک کے ساتھ رابطے میں ہے۔ اونروا کی سروسز یا تو میزبان ملکوںکو منتقل کی جائیں گی یا غیر سرکاری عالمی تنظیموں کے حوالے کی جائیں گی۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 31 اگست 2018 کو فلسطینی پناہ گزینوں کی امداد مکمل طور پر بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔