صوبہ بھر کے رمضان بازاروں میں صارف کو فی کس 2 کلو تک چینی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے،صمصام علی بخاری

21 رمضان المبارک سے صوبہ بھر میں رمضان بازار عید بازار میں بدل جائیں گے۔عید بازاروں کے لئے پنجاب حکومت 20 ملین روپے کی سبسڈی دے گی۔ چینی کی قیمتوں میں استحکام کیلئے برآمدات پر سبسڈی ختم کرنے کی منظوری دی گئی،صوبائی وزیر اطلاعات

جمعہ 24 مئی 2019 21:18

صوبہ بھر کے رمضان بازاروں میں صارف کو فی کس 2 کلو تک چینی دینے کا فیصلہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مئی2019ء) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ صوبہ بھر کے رمضان بازاروں میں صارف کو فی کس 2 کلو تک چینی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔21 رمضان المبارک سے صوبہ بھر میں رمضان بازار عید بازار میں بدل جائیں گے۔عید بازاروں کے لئے پنجاب حکومت 20 ملین روپے کی سبسڈی دے گی۔ چینی کی قیمتوں میں استحکام کیلئے برآمدات پر سبسڈی ختم کرنے کی منظوری دی گئی۔

پنجاب حکومت نے چینی کی برآمد پر ربیٹ بھی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ بات صوبائی وزیر اطلاعات نے کابینہ کے اجلاس کے بعد ڈی جی پی آر آفس میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے بتائی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کابینہ کے اجلاس میں سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میںزمین سے پانی نکال کر استعمال کرنے والی بیوریج کمپنیوں اور واٹر بوٹلنگ پر فی لٹر ایک روپیہ ایکوافر ٹیرف لگانے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

واسا، لوکل گورنمنٹ اور محکمہ آبپاشی اس ضمن میں نوٹیفکیشن جاری کریں گے۔سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں وصول ہونے والی رقم کیلئے علیحدہ اکائونٹ قائم کیا گیا ہے۔واٹر چارجز کی وصولی اور استعمال کا جامع میکانزم بنایا جائے گا۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ کابینہ نے فورٹ منرو ڈویلپمنٹ اتھارٹی کانام تبدیل کرکے کوہ سلیمان ڈویلپمنٹ اتھارٹی رکھنے کی منظوری بھی دے دی ہے۔

اتھارٹی کا دائرہ کار ڈی جی خان اور راجن پور کے قبائلی علاقوں تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔صمصام بخاری نے میڈیا کو بتایا کہ کابینہ کو سکول ایجوکیشن کے اساتذہ کی ٹرانسفر پالیسی میں ترامیم سے آگاہ کیا گیا۔ٹیچرز کی ای ٹرانسفر پالیسی کے بارے میں پارلیمانی پارٹی کو بھی بریفنگ دی جائے گی۔کابینہ کے اجلاس میں میرج وبینکوئیٹ ہالز اور مارکی کیلئے زیراستعمال زمین کے حوالے سے ایل ڈی اے قوانین میں ترامیم کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں گندم خریداری کا ٹارگٹ حاصل کرنے پر کابینہ کے ارکان نے اظہار اطمینان کیا۔