لاہور: پولیس نے کاہنہ کے علاقے میں 4شہریوں کے اندھے قتل کے مختلف مقدمات میں ملوث8ملزمان کو ٹریس کر کے انہیں گرفتار کر کر لیا

جمعہ 24 مئی 2019 21:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مئی2019ء) کاہنہ انویسٹی گیشن پولیس نے کاہنہ کے علاقے میں 4شہریوں کے اندھے قتل کے مختلف مقدمات میں ملوث8ملزمان کو ٹریس کر کے انہیں گرفتار کر کر لیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایس پی ماڈل ٹائون انویسٹی گیشن کیپٹن (ر ) محمد اجمل نے آج اپنے دفتر غالب مارکیٹ میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں سے ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ انویسٹی گیشن پولیس کی سپیشل ٹیمیں قتل،اندھے قتل، اقدام قتل، ڈکیتی اور راہزنی جیسی سنگین وارداتوں میں ملوث ملزمان کی گرفتاری اور انہیں کیفر کردار تک پہنچا کر جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے دن رات سر گرم عمل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کاہنہ انویسٹی گیشن پولیس کے سب انسپکٹر سیف اللہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جدید ٹیکنالوجی سمیت اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے تصور حسین، شاہد علی ،محمد آصف اور زاہدہ پروین کے قتل کی 4 مختلف وارداتوں میں ملوث8ملزمان کوگرفتار کر لیاہے۔

(جاری ہے)

ایس پی ماڈل ٹائون انویسٹی گیشن نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کاہنہ کے رہائشی مقتول تصور حسین نے تین سال قبل فرزانہ سے پسند کی شادی ہوئی تھی جس کااس کے دونوںسالوں ملزمان صابرعلی اور باقر حسین کو شدیدرنج تھا جس وجہ سے ملزمان نے موقع پا کر لڑائی جھگڑے کا ڈرامہ رچایا اور پسٹل سے فائرنگ کر کے مقتول تصورحسین کو قتل کر دیا۔جبکہ اسی پولیس ٹیم نے شاہد علی ماسٹرٹیکسٹائل مل سندر میں سپر وائزر تھاجس نے اپنے ملازم عامر فاروق کو 15ہزار روپے ادھار دیئے جب اس نے اس سے واپسی کا تقاضہ کیا تو دونوں میں تلخ کلا می ہوگئی جس پر ملزم عامر فاروق نے اپنے ساتھی سہیل اصغر کے ساتھ مل کر پسٹل کے فائر کر کے مقتول شاہد علی کو قتل کر دیا۔

انہوں نے بتایا کہ مقتول محمد آصف اور ملزم محمد مرتضیٰ آپس میں دوست تھے۔ جس کی وجہ سے ان کا ایک دوسرے کے گھر آنا جانا تھا مقتول آصف کے ملزم مرتضیٰ کی بیوی مسماة نگینہ کے ساتھ ناجائزمراسم تھے۔ جس وجہ سے ملزم نے اپنے ساتھی محمد ندیم کے ساتھ مل کر مقتول آصف کے گلے میں پھندہ ڈال کر اسے قتل کر دیا۔ ایس پی کیپٹن (ر) محمداجمل نے مزید بتایا کہ ملزم محمد ارشد کوٹ لکھپت کا رہائشی ہے جس کا نکاح مقتولہ کی بیٹی وجیہ سے تین سال قبل ہوا۔

جبکہ رخصتی نہ ہوئی تھی۔خلا کا دعوہ دائر کرنے پر ملزم ارشد طیش میں آ کر اپنے سسرال کاہنہ آیا اور اپنی ساس زاہدہ پروین کا گلہ دبا کر قتل کر دیااور موقع سے فرار ہو گیا۔ایس پی ماڈل ٹائون انویسٹی گیشن کیپٹن (ر) محمد اجمل نے اندھے قتل کی سنگین وارداتوں میں ملوث ملزمان کو ٹریس کرکے گرفتار کرنے پر سب انسپکٹر سیف اللہ کے 10ہزار روپے نقد انعام اور تعریفی سرٹیفکیٹ بھی دیا۔