کوئٹہ مسجد میں دھماکہ کی شدید مذمت ،ذمہ داران کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے

ڈالر کی ذخیرہ اندوزی ملک سے بے وفائی، قوم بائیکاٹ کر کے ملک سے وفا داری کا ثبوت دیں: حافظ عبدالغفار روپڑی

جمعہ 24 مئی 2019 21:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مئی2019ء) نفع کمانے کیلئے ڈالر کی ذخیرہ اندوزی ملک سے بے وفائی، قوم ڈالر کا بائیکاٹ کر کے ملک سے وفا داری کا ثبوت دیں۔ ذاتی منافع خوری کی بجائے ملکی مفاد کو ترجیح دیتے ہوئے پوری قوم ڈالر کا بائیکاٹ کرے۔ ڈالر کی ذخیرہ اندوزی اور عوامی مفاد کے مخالف سرگرمیاں ملک سے غداری کے مترادف ہیں۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اہل حدی-ث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی نے گذشتہ روز جامعہ دارالقدس چوک دالگراں لاہور میں خطبہ جمعہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت نازک ترین حالات سے گزر رہا ہے۔ حکومتوں کی ناکام پالیسیوں کے باعث پاکستانی معیشت تباہی کے دھانے تک پہنچ چکی ہے۔ ملک دیوالیہ ہونے کی خطرناک صورتحال کے قریب ترین پہنچ چکا ہے۔

(جاری ہے)

ایسے میں پوری قوم کو متحد ہو کر درپیش معاشی چیلنجز کا ڈٹ کا سامنا کرنا ہو گا۔ ذاتی مفادات کو پس پشت ڈالتے ہوئے ملکی ترقی اور بہبود کو ترجیح دینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام امپورٹڈ مصنوعات کی بجائے مقامی مصنوعات استعمال میں لائیں اور ڈالر کی بجائے پاکستانی روپوں کے ساتھ خرید و فروخت یقینی بنائیں تاکہ ڈوبتی ہوئی ملکی معیشت کو سہارا دینے میں ہر کوئی اپنا کردار ادا کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر ذخیرہ کر کے قیمت بڑھنے پر ڈالر کی فروخت کرنے والے ملک سے غداری کے مرتکب ہیں۔ حکومت سمیت دیگر متعلقہ ادارے فی الفور کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ایسے ملک دشمن عناصر کی بیخ کنی کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ڈالر کی ذخیرہ اندوزی پاکستان کے خلاف بدترین معاشی دہشتگردی ہے۔ دریں اثنا گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کوئٹہ مسجد میں دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ المناک سانحہ میں ملوث گھنائونے کرداروں کو منظر عام پر لانے کیلئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں اور ذمہ داران کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ نماز جمعہ کے بعد سانحہ میں لقمہ اجمل بننے والوں کیلئے دعائے مغفرت اور زخمیوں کیلئے جلد صحت یابی کی دعا بھی فرمائی۔