لاہور، اسلام آباد سمیت ملک کے کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری

موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقوں سیلابی صورتحال، صورتحال بگڑنے کے خدشے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کیلئے ہنگامی الرٹ جاری کر دیا گیا

muhammad ali محمد علی جمعہ 24 مئی 2019 21:10

لاہور، اسلام آباد سمیت ملک کے کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش اور ژالہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 مئی2019ء) لاہور، اسلام آباد سمیت ملک کے کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری، موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقوں سیلابی صورتحال، صورتحال بگڑنے کے خدشے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کیلئے ہنگامی الرٹ جاری کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور، اسلام آباد سمیت ملک کے کئی علاقوں میں جمعہ کی سہ پہر شروع ہونے والی بارش سے نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔

مسلسل بارش سے راولپنڈی کے نالہ لئی میں پانی کے بہائو میں معمول سے اضافہ ہو گیا ہے۔ نالہ لئی میں پانی کا بہائو انتہائی تیز ہے جس کے بعد متعلقہ اداروں کو ہنگامی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں بھی جمعہ کی صبح سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اس کے علاوہ لاہور، پنجاب کے کئی علاقوں اور بلوچستان، خیبرپختوںخواہ کے کئی علاقے بھی موسلادھار بارش، آندھی طوفان اور ژالہ باری کی زد میں ہیں۔

(جاری ہے)

بلوچستان کے کئی علاقوں میں سیلابی ریلوں کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی مچنے کی اطلاعات بھی ملی ہیں۔ اس تمام صورتحال میں تینوں صوبوں کے متعلقہ ادارے ہائی الرٹ پر ہیں۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے پیشن گوئی کی ہے کہ ملک کے کئی علاقوں میں بارش، آندگی طوفان اور ژالہ باری کا سلسلہ مزید 2 دب تک جاری رہ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کو مالاکنڈ، ہزارہ، مردان، پشاور، کوہاٹ، بنوں، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودہا، فیصل آباد، ساہیوال ڈویژن، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

ہفتے کے روز بھی ملک کئی علاقوں میں بارش ہونے کا امکان ہے جس سے گرمی کی شدت میں کمی آئے گی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا، پنجاب، کوئٹہ، قلات، ژوب، لاڑکانہ ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں کئی مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔