پاکستان نیوی ملکی سمندری حدود کی حفاظت کے لیئے ہر دم تیار ہے۔ نیول چیف کا 48 ویں پاکستان نیوی سٹاف کورس سے خطاب

48 ویں پاکستان نیوی سٹاف کورس کے کانووکیشن کی تقریب پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی پاک بحریہ کے سر براہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی تھے

جمعہ 24 مئی 2019 21:17

پاکستان نیوی ملکی سمندری حدود کی حفاظت کے لیئے ہر دم تیار ہے۔ نیول چیف ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 مئی2019ء) 48 ویں پاکستان نیوی سٹاف کورس کے کانووکیشن کی تقریب پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی پاک بحریہ کے سر براہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی تھے۔

مہمان خصوصی نے 95 گریجویٹنگ آفیسرز کو ماسٹرز ان وار سٹڈیز (میری ٹائم ) کی ڈگریاں تفویض کیں جن میں پاک بحریہ کے 64 آفیسرز ، پاک آرمی کے 03 آفیسرز ، پاک فضائیہ کے 05 آفیسرز اور دوست ممالک بشمول بحرین ، بنگلہ دیش، چین، مصر، انڈونیشیا، عراق، اردن، لیبیا، ملائیشیاء، میانمر، عمان، فلسطین ، سعودی عرب، جنوبی افریقہ، سری لنکا اور متحدہ عرب امارات کے 23 آفیسرز شامل تھے۔


تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیول چیف نے پاکستان اور دوست ممالک کے گریجویٹنگ آفیسرز کو مبارک باد دی اور پاکستان نیوی وار کالج کے پیشہ ورانہ معیار کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں دوست ممالک کے گریجویٹنگ آفیسرز کی ایک کثیر تعداد پاک بحریہ کے تربیتی نظام پر اعتماد اور ان ممالک کا پاکستان کے ساتھ گہرے تعلقات کی مظہر ہے۔


چیف آف نیول سٹاف نے خطے میں اور بین الاقوامی سطح پر رونما ہوتی ہوئی جیو سٹریٹیجک تبدیلیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ خطے میں پیش آنیوالی حالیہ کشیدگی اور سیکیورٹی کے ماحول کے تناظر میں نیول چیف نے کہا کہ حکومت پاکستان کی امن کو موقع دینے کی پالیسی کے تحت ہم نے تحمل کا مظاہرہ کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالی پر کامل ایمان کے ساتھ پاکستان نیوی ملکی سمندری سرحدوں کے دفاع کے لیئے ہر دم تیار ہے۔


 چیف آف نیول سٹاف نے مزید کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈا ینیشیٹو کے تحت انجام پانے والا سی پیک (CPEC) فلیگ شپ پراجیکٹ ہے۔سی پیک (CPEC)میں گوادر کی بندرگاہ مرکزی اہمیت کی حامل ہے جوملک کے ساتھ ساتھ خطے کے دیگر ممالک کے لیئے بیش بہا معاشی فوائد کی ضامن ہے ۔
قبل ازیں، خطبئہ استقبالیہ میں کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج ریئر ایڈمرل نوید احمد رضوی نے 41 ہفتوں پر مشتمل طویل کورس اور کورس کے دوران کی جانے والی مختلف پیشہ ورانہ اور نصابی سرگرمیوں کی تفصیل سے آگاہ کیا۔
تقریب میں ایک کثیر تعداد میں نمایاں سول مہمان اور پالستان کی مسلح افواج کے سینئر افسران نے شرکت کی۔