صوبائی وزیر سکول ایجوکیشن کی زیر صدارت محکمانہ کارکردگی کے حوالے سے اجلاس

پنجاب بھر میں 100 ماڈل سکول تیار کرنے کامنصوبہ ہے جہاں طلبا کو تمام سہولیات میسر ہوںگی‘ڈاکٹر مرادراس

جمعہ 24 مئی 2019 22:49

صوبائی وزیر سکول ایجوکیشن کی زیر صدارت محکمانہ کارکردگی کے حوالے سے ..
لاہور۔24 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2019ء) صوبائی وزیر سکو ل ایجوکیشن پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے محکمہ تعلیم کی جانب سے کئے جانیوالے نئے اقدامات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم کے زیر اثر کام کرنے والے وہ تمام ادارے جن کی کارکردگی صفر ہے اور جوملکی خزانے پر بوجھ ہیں اُن کو بند کیا جائے گا‘مُلک کا ایک ایک روپیہ قیمتی ہے اورعوام کے ٹیکس کے پیسے کو ضائع نہیں ہونے دے سکتے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ تعلیم کے کام کرنے کے طریقوں میں جدت لا رہے ہیں اور بہت جلد عوام کو بڑے پیمانے پر تبدیلیاں نظر آنے لگیں گی۔اجلاس میں موجود محکمہ تعلیم کے افسران کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے ڈاکٹر مراد راس کا کہنا تھا کہ اب ماضی کی حکومتوں کی طرح صرف باتیں نہیں بلکہ دراصل عوامی فلاح کے کام کرنے ہیں، ٹیم میں وہی لوگ شامل رہیں گے جو دی گئی ذمہ داریاں پوری ایمانداری اور محنت کے ساتھ نبھائیں گے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ اب جو بھی اقدامات محکمہ تعلیم کی جانب سے کئے جا رہے ہیں ان کی بھرپور مانیٹرنگ کا نظام لانے پر بھی کاکام ہو رہا ہے‘ کسی بھی عہدیدار کی طرف سے غیرذمہ داری ہرگزبرداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں 100 ماڈل سکول تیارکرنے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے جہاں زیر تعلیم طلبا کیلئے تمام تر سہولیات میسر ہوں گی‘یہ ماڈل سکول پنجاب کے ضلع ملتان،ڈیرہ غازی خان،رحیم یار خان ،لاہور ،گوجرانوالہ،فیصل آباد،ساہیوال،راولپنڈی،میانوالی اور سیالکوٹ میںتیار کئے جائیں گے‘انہوں نے کہا کہ میکنزم تیار کر لیا اب پوری طرح سے اس پر عملدرآمد کروا کر پنجاب کے محکمہ تعلیم میں انقلابی تبدیلیاں لائی جائیں گی۔

صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں کہ ماڈل سکولوں کی تیاری جلد از جلد ہو جانی چاہئے‘ہماری توجہ کریڈٹ لینے پر نہیں بلکہ کارکردگی دینے پر ہونا چاہئے۔اجلاس میں سیکرٹری ایجوکیشن پنجاب محمد محمود بھی موجود تھے ‘ بعد ازاں اجلاس میں موجود تمام اداروں کے سربراہان نے وزیرسکول ایجوکیشن کو مکمل بریفنگ دی ۔