وفاق نے امریکا کو مطلوب پاکستانی نژاد امریکی شہری سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ کے سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کر دی

جمعہ 24 مئی 2019 23:35

وفاق نے امریکا کو مطلوب پاکستانی نژاد امریکی شہری سے متعلق اسلام آباد ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2019ء) داعش سے تعلق اور امریکہ میں دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار اور امریکا کو مطلوب پاکستانی نژاد امریکی شہری طلحہ ہارون کی امریکا حوالگی سے قبل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو امریکی تفتیشی افسر کا بیان ریکارڈ کرنے کے عدالتی فیصلے کو وفاق نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔

وفاق نے امریکا کو مطلوب پاکستانی نژاد امریکی شہری سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ کے سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کر دی ہے جس میں سیکرٹری داخلہ اور ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کی طرف سے طلحہ ہارون کے علاوہ اس کے والد ہارون الرشید، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اور ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ طلحہ ہارون امریکی شہری 14 اکتوبر 1997 کو امریکہ پیدا ہوا، وہیں اپنی زندگی گزاری جبکہ پاکستان بھی ویزہ لے کر آیا۔

(جاری ہے)

طلحہ ہارون کے خلاف نیویارک کی ضلعی عدالت میں مقدمہ زیرسماعت ہے جس میں اس سمیت دیگر افراد پر داعش سے تعلق اور دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی کا الزام ہے۔ امریکی حکومت کی حوالگی درخواست پر ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ و ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے انکوائری کے بعد ملزم کو امریکا کے حوالے کرنے کی اجازت دی مگر طلحہ ہارون کے والد نے عدالت سے حکم امتناع حاصل کر لیا اور سنگل بنچ نے فیصلہ دیا کہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ امریکہ کے تفتیشی افسرکا بیان لے کر دوبارہ فیصلہ کریں۔