چیئرمین نیب کسی طور استعفا نہیں دیں گے اور عہدے پر براجمان رہیں گے

جسٹس(ر)جاوید اقبال کے اعصاب کس قدر مضبوط ہیں شاید کسی کو اندزہ نہیں

Sajjad Qadir سجاد قادر ہفتہ 25 مئی 2019 06:54

چیئرمین نیب کسی طور استعفا نہیں دیں گے اور عہدے پر براجمان رہیں گے
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 مئی2019ء)   چیئرمین نیب کے حوالے سے منظرعام پر آنے والی ویڈیو اور آڈیو سے مختلف لوگوں کی طرف سے مختلف ردعمل آ رہا ہے۔ اگرچہ نیب اور حکومتی ترجمان نے اس کی تردید کرتے ہوئے آڈیو اور ویڈیو کو جعلی قرار دیااور خبر نشر کرنے والا نجی ٹی وی چینل بھی ویڈیو کے جعلی ہونے پر معافی مانگ چکا ہے۔ مگر معافی سے معاملہ ختم نہیں ہوا بلکہ اپوزیشن اور دیگر لوگوں کی طرف سے چیئرمین نیب سے متعلق سوالیہ نشان اٹھنا شروع ہو گئے ہیں۔

کوئی چیئرمن نیب کے حق میں تو کوئی مخالفت میں بیان دیتا نظر آتا ہے۔کل شام سے چیئرمین نیب کے مستعفی ہو جانے اور اس حولے سے مشاورت کیے جانے کی خبریں بھی سنائی دے رہی ہیں۔جبکہ اسی حوالے سے سینئر صحافی ذوالفقار راحت نے نجی ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال کے اعصاب کس قدر مضبوط ہیں ا س بات کا شاید کسی کو اندازہ نہیں۔

(جاری ہے)

انہیں ذلیل و رسوا کرنے اور بلیک میل کرنے کا جو بھونڈا ہتھکنڈہ اپنایا گیا ہے یہ انہیں بلیک میل کرنے کی کوئی پہلی کوشش نہیں ہے۔اس سے قبل جب وہ چیف جسٹس تھے تب اور جب مسنگ پرسنز کے چیئرمین تھے اس وقت بھی انہیں دھمکیاں دینے اور بلیک میل کرنے کی کوشش کی گئی۔ایک بار نہیں کئی بار ان کے راستے میں کاوٹ کھڑی کرنے اور ہراساں کرنے کی بھی ناکام کوشش کی گئی مگر چیئرمین نیب نہ کبھی اپنے موقف سے ہٹے اور نہ ہی انصاف کی راہ میں حائل مشکلات سے ڈرے۔

اب ان کے استعفے کی جو باتیں ہو رہی ہیں وہ محض باتیں ہی رہیں گی اور وہ اپنی سیٹ پر براجمان رہیں گے۔ اپنے عہدے پر رہتے ہوئے ہی وہ اپنے دشمنوں کا مقابلہ کریں گے اور کسی طور بھی اپنے عہدے سے مستعفی نہیں ہوں گے۔ ملک میں موجود مافیا اور سیاستدانوں کے ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے وہ واقف ہیں اور انہیں ڈیل کرنا بھی جانتے ہیں۔ دیکھتے ہیں کہ سینئر صحافی ذوالفقار راحت کی خبرکس حد تک درست ثابت ہوتی ہے۔آمدہ ایک دو روز میں کشمکش کی فضا چھٹ جائے گی اور یہ واضح ہو جائے گا کہ چیئرمین نیب مستعفی ہوتے ہیں یا اپنے عہدے پر بدستور براجمان رہتے ہیں۔