بالی وڈ ستارے بھارتی سیاست کے بھی سپر سٹار بن گئے

سنی دیول،ارمیلا،پرکاش راج اور پونم سنہا بھاری اکثریت سے لوک سبھا کے ممبر بن گئے

Sajjad Qadir سجاد قادر ہفتہ 25 مئی 2019 07:17

بالی وڈ ستارے بھارتی سیاست کے بھی سپر سٹار بن گئے
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 مئی2019ء)   مختلف میدان کے ستارے سیاست میں اکثر اوقات انٹری دیتے رہتے ہیں۔ملک پاکستان کے بھی موجودہ وزیراعظم مایہ ناز کرکٹر ہیں۔ہمسایہ ملک بھارت میں اس وقت الیکشن کی فضا عروج پر ہے، بی جے پی کی حکومت بننے کے امکانات واضح ہو چکے اور مک بھر کے سربراہوں کے مودی کو جیت کی مبارکباد کے پیغامات ملنا شروع ہو گئے ہیں۔

بھارت کے حالیہ الیکشن میں ایک نہیں کئی بالی وڈ ستاروں نے انٹری دی۔ بالی وڈ ستارے پہلی بار سیاست میں نہیں آئے بلکہ پہلے بھی لوک سبھا کے ممبر رہ چکے ہیں۔شہنشاہ بالی وڈ امیتابھ بچن اور ان کی بیوی سے لے کر نانا پاٹیکر،شتروگھن سنہا اور بھارتی فلم انڈسٹری کے سورما رجنی کانت بھی سیاسی میدان میں انٹری دے چکے ہیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ الیکشن میں کامیاب ہو کر بھارت کے وزیراعظم بننے والے نریندر مودی نے فلمی سٹارز کو بڑی اہمیت دی اور ایک کے بعد ایک فلمی ہیرو سے ملاقات کر کے انہیں سیاست میں آنے کی بھی دعوت دی۔

لہٰذا حالیہ الیکشن میں بی جے پی سمیت کانگریس اور دیگر پارٹیوں نے مختلف بالی وڈ اداکاروں کو اپنے اپنے پلیٹ فارم سے سیاست میں اتارا۔اس وقت کی رپورٹ کے مطابق بھارتی الیکشن میں چار بالی وڈ سٹار الیکشن جیتنے میں کامیاب ہو چکے ہیں ۔سنی دیول،ارمیلا،پرکاش راج اور پونم سنہا نے بی جے پی،کانگریس اور آزاد پارٹی کے فورم سے الیکشن لڑا۔بالی وڈ ستاروں میں سے سے بڑا نام سنی دیول کا ہے جنہوں نے مودی کی پارٹی سے الیکشن مہم چلائی اور کامیابی سے ہمکنار ہوئے۔

بالی وڈ بگ برادر نے ستر اوراسی کی دہائی میں خوب دھماکے دار اور گرجدار فلمیں کیں جو اس وقت کی بلاک بسٹر فلمیں ہیں۔سنی دیول کی ایک پہچان یہ بھی ہے کہ انہوں نے اکثر پاکستان مخالف فلمیں بنانے سے بھی خاصی شہرت حاصل کی ہے اور اس الیکشن میں بھی بھارتی سیاست میں کامیابی کا چورن پاکستان مخالف نعرے بازی اور بیان بازی ہی تھا۔یہ بھی ممکن ہے کہ سنی دیول کو پاکستان مخالف فلموں میں ہیروگیری کرنے کی وجہ سے ہی حالیہ الیکشن میں کامیابی ملی ہو۔