Live Updates

وفاقی حکومت نے اپوزیشن کی تحریک کا سامنا کرنے کے لیے حکمت عملی تیار کر لی

عوامی رابطہ مہم سے اپوزیشن کی تحریک کا مقابلہ کیا جائے گا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 25 مئی 2019 11:36

وفاقی حکومت نے اپوزیشن کی تحریک کا سامنا کرنے کے لیے حکمت عملی تیار ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 مئی 2019ء) : ایک طرف جہاں اپوزیشن نے عید کے بعد حکومت مخالف تحریک چلانے کا اعلان کر رکھا ہے وہیں دوسری جانب وفاقی حکومت نے بھی اس تحریک کا مقابلہ کرنے کے لیے حکمت عملی تیار کر لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اور اتحادی جماعتوں نے عوامی رابطہ مہم کے ذریعے اپوزیشن جماعتوں کی احتجاجی تحریک کا مقابلہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جبکہ اس کے لیے باقاعدہ حکمت عملی بھی تیار کر لی گئی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے عید الفطرکے بعد حکومت مخالف اپوزیشن تحریک سے نمٹنے کے لیے اتحادی جماعتوں سے مشاورت کا آغاز کیا۔ مسلم لیگ فنکشنل، جی ڈی اے اورپاکستان تحریک انصاف کا وفاق اور سندھ میں پیپلزپارٹی دورحکومت کی کرپشن، ناقص کارکردگی منظرعام پرلانے پر اتفاق ہوگیا ۔

(جاری ہے)

گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان کے دورہ کراچی کے دوران پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کی اہم بیٹھک ہوئی جس میں اتحادی اورہم خیال جماعتوں سے اپوزیشن جماعتوں کی مجوزہ حکومت مخالف تحریک سے نمٹنے کے لیے لائحہ عمل کی تیاری پر اہم مشاورت اور فیصلے کیے گئے ۔

معتبر ذرائع نے بتایا کہ وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمد کواہم پیغام اور ٹاسک دے کرایم کیو ایم پاکستان کی قیادت کے پاس مشاورت کے لیے بھیجا گیا۔ اہم ترین مشاورت میں پیر صدرالدین شاہ راشدی، سابق وزیراعلیٰ ارباب غلام رحیم کے علاوہ سندھ سے تعلق رکھنے والی دیگراہم سیاسی شخصیات بھی شریک ہوئیں۔ پاکستان تحریک انصاف کی اتحادی جماعتوں نے تحریک انصاف کی قیادت کومشورہ دیا کہ اس تاثرکوزائل کرنا چاہئیے کہ وفاقی حکومت سندھ حکومت کا تختہ الٹنا چاہتی ہے۔

خیال رہے کہ عید کے بعد تمام اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کے خلاف احتجاج کرنے اور تحریک لانے کا اعلان کر رکھا ہے۔مسلم لیگ ن کارکنوں کے ڈاؤن ہوتے ہوئے مورال اور کمزور اسٹریٹ پاور سے کافی پریشان ہے اور اس بات کر غور و خوض کیا جا رہا ہے کہ آخر حکومت مخالف تحریک کو کس طرح کامیاب بنایا جائے، اس حوالے سے کچھ رہنماؤں کو کارکنوں سے بات کرنے اور ان کو اکٹھا کرنے کے حوالے سے اہم ٹاسک بھی سونپے گئے ہیں تاکہ ہر صورت حکومت مخالف تحریک کو کامیاب بنا کر عملی سیاست میں واپس آیا جائے۔ جبکہ دوسری جانب پیپلز پارٹی بھی حکومت مخالفت تحریک کو کامیاب بنانے کے لیے غور و خوض کر رہی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات