بھارتی انتخابات میں شوبزو سپورٹس سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات کی قسمت آزمائی

کئی اداکار کامیابی سے ہمکنار ، کچھ شکست سے دوچار

ہفتہ 25 مئی 2019 11:54

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2019ء) بھارت میں لوک سبھا کی 542 نشستوں کیلئے ہونیوالے انتخابات میں بھارتی سیاسی شخصیات کے علاوہ شوبز، سپورٹس اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات نے بھی قسمت آزمائی ہے۔ اداکارہ ارمیلا مٹونڈکر نے انڈین نیشنل کانگریس کے پلیٹ فارم سے شمالی ممبئی سے انتخاب میں حصہ لیا اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق شکست سے دوچار رہی ہیں۔

اداکار شتروگن سنہا بھی کانگریس کے ٹکٹ پر ضلع پٹنا صاحب سے الیکشن لڑ ا لیکن انہیں بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا،اداکارہ ہیما مالینی جو اتر پردیش کے شہر متھورا سے بھارتیہ جنتا پارٹی کی امیدوار تھیں نے کامیابی حاصل کی ۔اداکار راج ببر نے بھارتی شہر فتح پور سکری سے کانگریس کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا اور مخالف امیدوار کے مقابلے میں اب تک کے نتائج کے مطابق برتری حاصل کئے ہوئے ہیں، اداکارہ کرن کھیر بھی بی جے پی کی امیدوار ہیں، جنہیں چندی گڑھ کی نشست پر برتری حاصل ہے۔

(جاری ہے)

سابق بھارتی ٹی وی اداکارہ اور سیاسی رہنما سمریتی ایرانی نے ایک مرتبہ پھر بی جے پی کے ٹکٹ پر ضلع امیتھی سے انتخابات میں حصہ لیا اور غیرسرکاری نتیجے کے مطابق انہیں مخالف امیدوار پر برتری حاصل ہے۔ان کے علاوہ اداکار سنی دیول، بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر اور سابق آرمی چیف وی کے سنگھ نے بھی بی جے پی کے امیدوار کے طور پر انتخابات میں حصہ لیا ہے اور انتخابی نتیجے میں مخالف امیدواروں سے آگے ہیں جن کے حتمی نتائج آنا باقی ہیں۔