بحری جہازوں کی تخریب کاری میں پاسداران انقلاب کا ہاتھ ہے، امریکی فوج

ایران خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی منظم مہم پر عمل پیرا ہے،ڈائریکٹر امریکی جوائنٹ کمیٹی

ہفتہ 25 مئی 2019 13:28

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2019ء) امریکی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ خلیجی ریاست متحدہ عرب امارات کے قریب تیل بردار بحری جہازوں پر حملوں میں ایرانی سپاہ پاسداران کا براہ راست ہاتھ ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی فوجی عہدیداروں نے بتایاکہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر امارات میں بحری جہازوں پر حملے ایرانی پاسداران انقلاب کی منظم مہم کا حصہ ہیں۔

(جاری ہے)

ایران خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی منظم مہم پر عمل پیرا ہے۔امریکی جوائنٹ کمیٹی کے ڈائریکٹر مائیکل گیلڈائی نے کہا کہ ہم امارات کی ریاست الفجیرہ کے قریب بحری جہازوں پر حملوں میں پاسداران انقلاب کے ملوث ہونے پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزارت دفاع نے بحری جہازوں پر حملوں میں استعمال ہونے والی بارودی سرنگیں ایرانی ساختہ قرار دی ہیں۔ انٹیلی جنس اداروں کو ان بارودی سرنگوں کے پہنچائے جانے کے بارے میں بھی اہم معلومات حاصل ہوئیں۔