ہندوستان کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں دہشتگردی جاری ہے: سردار عتیق احمد خان

س مسئلے کا پرامن اور پائیدار حل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد ہے، گزشتہ 70سالوں سے کشمیری عوام پر مظالم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں

ہفتہ مئی 12:54

ہندوستان کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں دہشتگردی جاری ہے: سردار عتیق احمد ..
جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 مئی2019ء،نمائندہ خصوصی،ایم خوشحال شریف) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد اور سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ ہندوستان کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں دہشتگردی جاری ہے۔

اس مسئلے کا پرامن اور پائیدار حل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد ہے۔گزشتہ 70سالوں سے کشمیری عوام پر مظالم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں اور وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں۔

ہندوستانی قابض فوج کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر ظلم وستم قابل مذمت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مدینہ منورہ میں اپنے دورہ کے دوران مسلم کانفرنس سعودی عرب کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔عالمی برادری کو بھی مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فوج نے اسرائیل طرز کی پالیسی اختیار کررکھی ہے اور فلسطین کی طرح مقبوضہ کشمیر میں بھی ہندوستانی فوج نے کشمیریوں کی نسل کشی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان انسانیت سوز مظالم،تشدد جیسے اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو دبا نہیں سکتا۔مقبوضہ کشمیر کے عوام حق خود ارادیت کے حصول سے کم کسی چیز پر راضی نہیں ہیں اوروہ ہندوستان کی جانب سے انسانیت سوز مظالم کے باجود اپنے حق خود ارادیت کا حق چھین کر لیں گے۔انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا دیکھ رہی ہے کہ کس طرح مقبوضہ کشمیر کے پڑھے لکھے نوجوان حق خود ارادیت کے حصول لیے جدوجہد کررہے ہیں اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں۔

سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ 8لاکھ ہندوستانی فوج کی موجودگی،درجنوں کالے قوانین اور بیلٹ گن سے بے خوف کشمیری نوجوان تیزی سے ہندوستانی افواج کے تسلط سے آزادی کی جانب بڑھ رہے ہیں۔اس موقع پر سعودی عرب کے مختلف شہروں سے آنے ہوئے مسلم کانفرنسی کارکنان سے بعد نماز جمعہ ملاقات کی جن میں ،کامران انور بیگ،اسرار حسین عباسی ، سیاد عباسی سردار جنید، خواجہ خالد حسین ودیگر نے قائد مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان سے ملاقات کی۔ااس موقع پر انہوں نے مزید کہاکہ بیرون ملک میں بسنے والے کشمیریوں کو تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے اپنا کردار اداکرنا چاہیے۔