صیہونی فوج کا پرامن واپسی مارچ پر وحشیانہ حملہ ،16 فلسطینی زخمی

غاصب صیہونی فوجیوں نے زہریلی گیس کا استعمال بھی کیا،فلسطینی وزارت صحت کا بیان

ہفتہ 25 مئی 2019 14:06

مقبوضہ بیت المقدس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2019ء) صیہونی فوجیوں نے فلسطینیوں کے پرامن واپسی مارچ پر ایک بار پھر وحشیانہ طریقے سے فائرنگ کرکے 16 فلسطینیوں کو زخمی کردیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق غزہ میں فلسطین کی وزارت صحت کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ 59 ویں واپسی مارچ کے دوران صیہونی فوجیوں نے وحشیانہ فائرنگ کرکی16 فلسطینیوں کو زخمی کردیا۔

غاصب صیہونی فوجیوں نے زہریلی گیس کا استعمال بھی کیا۔تیس مارچ 2018سے جاری فلسطینیوں کے گرینڈ واپسی مارچ پر صیہونی فوجیوں کی فائرنگ کے نتیجے میں اب تک 304 سے زائد فلسطینی شہید اور 27 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔فلسطینی عوام نے اپنے حقوق کی بازیابی کے لئے تیس مارچ دو ہزار اٹھارہ سے گرینڈ واپسی مارچ کا آغاز کیا تھا جس کے تحت ہزاروں افراد ہر جمعے کو غزہ سے ملنے والی مقبوضہ فلسطین کی سرحدوں کی جانب مارچ کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس مارچ کا مقصد امریکی سفارت خانے کی بیت المقدس منتقلی اورغزہ کے ظالمانہ محاصرے کے خلاف احتجاج کرنا ہی-غاصب اسرائیل نے 2006سے غزہ کا محاصرہ کر رکھا ہے اور وہ وہاں بنیادی اشیا کی ضرورت کی ترسیل کی راہ میں شدید رکاوٹیں پیدا کر رہا ہے جس کے نتیجے میں غزہ کے فلسطینیوں کو غذائی اشیا، ادویات اور دواؤں کی شدید قلت کا سامنا ہے۔