فرانس کے مصروف شہرلیون میں دھماکہ،10 سے زائد افراد زخمی

ْ حملہ آور کی عمر 30 برس، سائیکل پر آیا اوربم رکھ کر چلا گیا،پولیس نے تحقیقات شروع کردیں

ہفتہ 25 مئی 2019 14:06

پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2019ء) فرانس میں یورپی پارلیمانی انتخابات سے محض دو روز قبل مصرف شہر لیون میں پیکج بم دھماکے سے 10 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق زخمی ہونے والوں کی تعداد 13 سے زائد ہے، جن میں سے 11 افراد کو طبی امداد کے لیے ہسپتال پہنچایا گیا۔فرانسیسی حکام کے مطابق زخمیوں میں سے کسی کی جان کو خطرہ نہیں۔

(جاری ہے)

پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں انکشاف کیا گیا کہ حملہ آور کی عمر تقریباً 30 برس ہے اور مشتبہ شخص سائیکل پر آیا اور پیدل چلنے والوں کے لیے گلی میں پیکٹ کی صورت میں بم رکھ کر چلا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے حملہ آور کی تلاش شروع کر دی ہے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ حملہ آور نے دو معروف سڑکوں کے مصروف کارنر کے پاس ایک بیکری کے سامنے پیکج بم رکھا جس میںاسکرو اور بولٹس شامل کیے گئے تھے۔موقع پر موجود 17 سالہ طالبعلم نے بتایا کہ دھماکے کی آواز سے ایسا لگا کہ دو کاریں بری طرح سے ٹکرا گئی ہوں۔پیرس میں ہونے والے ان حملوں کے بعد امریکی پولیس نے نیویارک شہر میں ہائی الرٹ جاری کردیا تھا۔