معروف کشمیری دانشور ، سفیر یوسف بچھہ امریکہ میں انتقال کر گئے

نیویارک بروکلین کی مکہ مسجد میں مرحوم کی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد انکا جسد خاکی پاکستان روانہ کیا جائیگا ، غلام نبی فائی

ہفتہ 25 مئی 2019 14:10

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2019ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے سابق سینئر مشیر اور ممتاز کشمیری دانشور اورسفیریوسف بچھ نیویارک میں انتقال کر گئے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یوسف بچھہ کشمیر کے حوالے سے ایک انسائیکلو پیڈیا کی حیثیت رکھتے تھے اور انہوں نے خود کو کشمیر کاز کیلئے وفف کر رکھا تھا۔ وہ 1922میں سرینگر میںپیدا ہوئے تھے۔

1947میں مہاراجہ ہری سنگھ نے بھارت کے ساتھ کشمیریوںکی مرضی کے خلاف نام نہاد الحاق کیا جسکے نتیجے میں بھارت نے کشمیر میں فوج اتاری تو یوسف بچھہ نے اس غیر قانونی الحاق اور بھارتی قبضے کے خلاف آواز بلند کی جس کی پاداش میں انہیں قید کر لیا گیا۔ انہیں 1949میں سیاسی قیدیوں کے تبادلے کے طور پر پاکستان بھیج دیا گیا۔

(جاری ہے)

واشنگٹن میں قائم ’’کشمیر ایوائیر فورم ‘‘کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر غلام نبی فائی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ نیویارک بروکلین کی مکہ مسجد میں مرحوم کی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد انکا جسد خاکی پاکستان روانہ کیا جائے گا اور بعد ازاں مظفرآباد آزاد کشمیر میں انکی تدفین کی جائے گی۔

یوسف بچھہ اقوام متحدہ کی طرف سے کرایا جانے والا ایک مضمون نویسی کامقالبے جیتنے کے بعد 1953میں امریکہ چلے گئے تھے ۔ انہوںنے بعد میں اقوام متحدہ میں نمائندے کے طور پر کام کیا اور18برس تک عالمی ادارے کے سیکرٹری جنرل کے سینئر مشیر بھی رہے۔ وہ 1957سے 1972تک نیویارک میں کشمیرسینٹر کے نام سے ایک ادارہ بھی چلاتے رہے ۔ مرحوم سوئٹزرلینڈمیں پاکستان کے سفیر بھی رہے جبکہ ذولفقار علی بھٹوکی کابینہ میں وزیر اطلاعات کے طور پر بھی کام کیا۔