Live Updates

مسلم لیگ ن نے ملک احمد خان کی پریس کانفرنس سے لا تعلقی کا اعلان کر دیا

ملک احمد خان نے چئیرمین نیب کے خلاف کیس دائر کرنے کا اعلان اور ان سے استعفے کا مطالبہ کیا تھا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 25 مئی 2019 14:58

مسلم لیگ ن نے ملک احمد خان کی پریس کانفرنس سے لا تعلقی کا اعلان کر دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 مئی 2019ء) : مسلم لیگ ن نے ملک احمد خان کی پریس کانفرنس اور چئیرمین نیب سے متعلق ان کے بیانات سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک احمد خان نے جو کچھ بھی کہا وہ ان کی ذاتی رائے تھی۔ ملک احمد خان کی ذاتی رائے پارٹی کا مؤقف نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور شاہد خاقان عباسی اس معاملے پر پہلے ہی پارٹی مؤقف دے چکے ہیں۔

خیال رہے کہ اب سے کچھ دیر قبل مسلم لیگ ن کے رہنما ملک احمد خان نے پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ چئیرمین نیب استعفٰی دیں۔ انہوں نے چئیرمین نیب کے خلاف کیس دائر کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما ملک احمد خان نے کہا کہ شہباز شریف کو بے بنیاد اور من گھڑت الزامات پر گرفتار کیا گیا، صاف پانی کیس، آشیانہ میں شہباز شریف کی گرفتاری نہیں ہونی چاہیے تھی۔

(جاری ہے)

کیا رمضان شوگر ملز کے پیسے شہباز شریف نے بیرون ملک بھیجے؟ انھوں نے کہا کہ اگر پیسے بھیجے بھی گئے تو بتایا جائے کہ کس کے پیسے بھیجے گئے، کیا صاف پانی کمپنی کے پیسے باہر بھیجے گئے؟ ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ کالم نگار اور چیئرمین نیب کے خلاف کیس فائل کریں گے۔ نیب کے نوٹسز نے لوگوں کو خود کشی کرنے پر مجبور کیا، نیب کیا کوئی ماورائے قانون ادارہ ہے، کیا نیب والے یہ سمجھتے ہیں کہ ان کو کوئی پوچھنے والا نہیں۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ نیب سے گرفتاری کی وجوہ پر جواب نہیں دیا جاتا، کہا جاتا ہے کہ یہ خفیہ دستاویزات ہیں نہیں بتا سکتے، کس قانون میں اس طرح کسی کو گرفتار کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ، نیب کے نوٹسز نے لوگوں کو خودکشی کرنے پر مجبور کیا، کیا نیب ماورائے قانون ادارہ ہے ؟ نیب قانون میں کہاں لکھا ہے کہ چیئرمین نیب خود سوالنامہ ترتیب دیں،وہ کہہ رہے ہیں کہ میں خود سوال نامہ ترتیب دیتا ہوں، نیب قانون کا غلط استعمال کر رہا ہے۔

نیب چاہتا ہے جس کی چاہے گردن پکڑے اور کوئی پوچھنے والا نہ ہو، ملکی مفادات کی تشریح نیب نے کرنی ہے تو پارلیمنٹ کو تالا لگا دیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہائی کورٹ میں ویسی ہرزہ سرائی نہیں کر سکتے جس طرح چیئرمین نیب نے کی، چیئرمین نیب اپنے عہدے سے مستعفی ہوں۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات