لیجنڈ سکواش کھلاڑی زرک جہاں خان کے بیٹے شاہ جہاں خان کا مستقبل میں سکواش مقابلوں میں پاکستان کے بجائے امریکہ کی نمائندگی کرنے کا اعلان

ہفتہ 25 مئی 2019 15:42

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2019ء) لیجنڈ اسکواش کھلاڑی زرک جہاں خان کے بیٹے شاہ جہاں خان نے مستقبل میں سکواش مقابلوں میں پاکستان کے بجائے امریکہ کی نمائندگی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ انہوںنے پاکستان سے کھیلنے کیلئے کئی بار پاکستان سکواش فیڈریشن سے رابطہ کیا لیکن یہاں میرٹ پر نہیں سفارش پر کھلاڑیوں کو منتخب کیا جاتا ہے جبکہ امریکہ میں ایسا نہیں، انہیں سکواش میں امریکہ کی جانب سے کھیلنے کی پیش کش کی جسے قبول کرلیا ہے اب میں سکواش میں امریکہ کی نمائندگی کروں گا۔

میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے شاہ جہاں خان کا کہنا تھا کہ دو سال قبل فرانس میں ہونے والی ورلڈ چمپئن شپ میں نے پاکستان کی نمائندگی کی تھی لیکن اسکے باوجود مسلسل عالمی مقابلوں میں شرکت سے محروم رکھا گیا۔

(جاری ہے)

میں نے کئی بار فیڈریشن سے رابطہ کیا لیکن انہیں سفارشی کھلاڑی زیادہ پسند ہیں وہ میرٹ پر کسی کو منتخب کرنا نہیں چاہتے اس لئے میں نے امریکہ کی دعوت قبول کرکے اسکواش میں امریکا کی نمائندگی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جہان خان فیملی نے پاکستان سکواش کیلئے گران قدر خدمات انجام دیں،لیکن پاکستان اسکواش فیڈریشن نے کبھی تسلیم نہیں کیا۔ آٹھ سال قبل میرے والد زرک جہاں خان کی خدمات پر تمغہ امتیاز کیلئے ان کا نام چنا گیا لیکن سفارش پر کسی اور کو دیدیا گیا۔اس حوالے سے زرک جہاں خان نے بتایا کہ وہ پاکستان کے واحد کھلاڑی ہیں جس نے ایشین گیمز میں پاکستان کو گولڈ میڈل دلوایا اسکے علاوہ بے شمار کامیابیاں حاصل کیں۔

عالمی رینکنگ میں میراآٹھواں نمبر تھا، اب میں امریکا شفٹ ہوگیا ہوں تو سکواش فیڈریشن کہتی ہے کہ آپ امریکی ہیں، میرے بچے کا پاسپورٹ، شناختی کارڈ پاکستانی ہے، ہم پاکستان میں الیکشن کے دوران ووٹ کاسٹ کرسکتے ہیں لیکن فیڈریشن ہمیں پاکستانی تسلیم کرنے کو تیار نہیں۔ میں نے فیڈریشن سے کئی بار کہا کہ میں اپنے بیٹے کی سفارش نہیں کررہا ہے اسے میرٹ پر منتخب کریں لیکن انکے پاس کوئی جواب نہیں ،وہ صرف اور صرف سفارش پر کھلاڑیوں کا انتخاب کررہے ہیں جس پر اختلاف ہے۔

مسلسل زیادتیوں کے بعد اب میرے بیٹے نے فیصلہ کرلیا ہے کہ وہ امریکا کی نمائندگی کرے گا تو میں اس کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنوں گا۔ پاکستان میرا تھا میرا ہے اور میرا رہے گا۔ لیکن سفارشی لوگ ہمیں تسلیم کرنے کیلئے تیار نہیں۔