کسی شر پسند کو امن کی راہ میں رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ

ہفتہ 25 مئی 2019 16:00

مظفرگڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2019ء) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر احتشام انور نے کہا ہے کہ ضلع مظفرگڑھ کی عوام امن پسند ہے، تمام جید علماء کرام امن کے داعی ہیں اور آپس میں اتفاق اور اتحاد بین المسلمین کا درس دیتے ہیں، ضلع میں پائیدار قیام امن کیلئے یہاں کے علماء کرام، سول سوسائٹی اور عوام کا مثالی کردار رہا ہے، انہوں نے کہا کہ کسی شر پسند کو امن کی راہ میں رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ کور منیجمنٹ امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی،اجلا س میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صادق ڈوگر، اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ ظہور حسین بھٹہ، مولانا عبدالمعبود آزاد، سید امیر حسن، گلزار عباس نقوی، ہلال جاوید کاظمی،جاوید اختر بخاری، مولانا عبدالستار سمیت متعلقہ محکموں کے افسران کے شرکت کی، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ قانون سے کوئی بالا نہیں ہے قیام امن کے لئے حکومت کے قوانین پر عملدرآمد کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، انہوں نے کہا کہ ممبران امن کمیٹی غیر جانبدار ہوتے ہیں، کسی بھی تنازعہ کو مل بیٹھ کر افہام و تفہیم سے حل کرنا ہوتا ہے، کسی بھی معاملے پر کور کمیٹی کے فیصلے کو اہمیت دی جاتی ہے، انہوں نے کہا کہ ہم تمام مکاتب فکر کے علمائ ، سول سوسائٹی اور عوام کے تعاون کے ضلع میں امن کی فضا کو قائم رکھیں گے، اس موقع پر ڈی پی او صادق ڈوگر نے کہا کہ ضلع میں مستقل قیام امن کیلئے ہم سب نے اپنا مثبت کردار اداکرنا ہے اور عوام کو اتحاد، اتفاق اور رواداری کا درس دینا ہے، امن کی راہ میں کسی شرپسند کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دیں گے، انہوں نے کہا کہ یوم شہادت علی کے موقع پر تمام مجالس اور اجتماعات کو سیکیورٹی فراہم کی جائے گی، عیدکے نماز کے اجتماعات کو فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات کئے جائیں گے، کور کمیٹی کے اجلاس میں شہر میں قائم تجاوزات کی نشاندہی پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر احتشام انور نے اسسٹنٹ کمشنر، ایس ڈی پی او، ٹریفک پولیس اور سیکرٹری ڈی آر ٹی اے اور انجمن تاجران پر مشتمل کمیٹی بنانے کی ہدایت کی جو ایک جامعہ اور متفقہ پلان تیار کرے گی جس پر عید سے قبل عملدرآمد کیا جائے گا، ممبران ڈسٹرکٹ کور منیجمنٹ امن کمیٹی نے ضلع میں مستقل قیام امن کیلئے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔