آشیانہ اور رمضان شوگر مل کیس میں شہباز شریف کی حاضری سے ایک دن کے استثنیٰ کی درخواست منظور ،سماعت 28مئی تک ملتوی

ہفتہ 25 مئی 2019 16:00

آشیانہ اور رمضان شوگر مل کیس میں شہباز شریف کی حاضری سے ایک دن کے استثنیٰ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2019ء) لاہور کی احتساب عدالت نے آشیانہ اور رمضان شوگر مل کیس میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف کی حاضری سے ایک دن کے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 28مئی تک ملتوی کردی ہے۔احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے آشیانہ اور رمضان شوگر مل کیس کی سماعت کی۔ عدالتی سماعت کے موقع پر حمزہ شہباز عدالت کے روبرو پیش ہو ئے تاہم شہباز شریف بیرون ملک ہونے کی وجہ سے عدالت میں پیش نہ ہو سکے۔

شہباز شریف کے وکیل نے ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست عدالت میں جمع کرائی۔عدالت نے شہباز شریف کی حاضری سے ایک دن کے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ عدالت فراخ دلی سے آپ کو سہولت دیتی رہی ہے ، ہمارے پاس کیا رپورٹ ہے جس کی بنیاد پر یقین کرلیں کہ واقعی علاج پاکستان میں ممکن نہیں۔

(جاری ہے)

شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ شہباز شریف کے ٹیسٹ کی پاکستان میں سہولت میسر نہیں جس کی وجہ سے انہیں بیرون ملک رکنا پڑ رہا ہے۔

پاکستان کے ڈاکٹرز نے برطانیہ میں علاج تجویز کیا ہے، شہباز شریف مستقل استثنیٰ نہیں مانگ رہے صرف دو ہفتوں کی بات ہے، استدعا ہے کہ عدالت شہباز شریف کی دو ہفتوں کے لئے حاضری استثنیٰ کی درخواست منظور کرے۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ شہباز شریف کا 7جون کو ٹیسٹ ہونا ہے اور اس کی رپورٹ آتے ہی وہ پاکستان آ جائیں گے۔نیب پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ نے استثنیٰ کی درخواست کے خلاف اپنے دلائل میں موقف اختیار کیا کہ شہباز شریف عدالت کی اجازت کے بغیر بیرون ملک گئے، ملزم کی جانب سے بار بار حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دے دی جاتی ہے جبکہ عدالت کے سامنے آشیانہ اقبال اسکینڈل کے دیگر ملزمان اور گواہان ہر سماعت پر موجود ہوتے ہیں، ملزم کی حاضری سے استثنیٰ کی بار بار کی درخواستوں کی وجہ سے کیس کا ٹرائل رکا ہوا ہے۔

فریقین کے وکلا ء کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے آشیانہ اور رمضان شوگر مل کیس کی سماعت اٹھائیس مئی تک ملتوی کرتے ہوئے شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز کو ہدایت کی کہ وہ شہباز شریف سے پوچھیں وہ کس حتمی تاریخ کو عدالت کے روبرو پیش ہوں گے جبکہ عدالت نے نیب کو شہباز شریف کی 14 دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔