جدہ: بیٹی کو چاقو کے متعدد وار گھونپنے والے سعودی کی شفقتِ پدری جاگ گئی

باپ اپنی قریب المرگ بیٹی کو خون میں لت پت دیکھ کراُسے مرتا دیکھنے کی بجائے ہسپتال لے پہنچا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 25 مئی 2019 16:20

جدہ: بیٹی کو چاقو کے متعدد وار گھونپنے والے سعودی کی شفقتِ پدری جاگ ..
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،25 مئی 2019ء) جدہ میں مقیم ایک سعودی شخص کی عجیب و غریب حرکت نے لوگوں کو حیرت میں مبتلا کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی باپ نے کسی وجہ سے انتہائی طیش میں آ کر اپنی پندرہ سالہ بیٹی کو چاقو کے متعدد وار کر کے شدید زخمی کر ڈالا ۔ سعودی باپ کا ارادہ اپنی بیٹی کو موت کے گھاٹ اُتارنے کا ہی تھا ۔ مگر جب اپنی اولاد کے جسم کو خون میں لت پت دیکھا تو پھر اُس کے اشتعال اور وحشت پر پدری شفقت کا جذبہ غالب آ گیا۔

وہی باپ جو بیٹی کی سانسیں چھین لینے کے درپے تھا، اُسے قریب المرگ دیکھ کر زار و قطار رونے لگا اور پھر فوری طور پر اُسے ہسپتال لے کر پہنچ گیا۔ شاہ عبدالعزیز ہسپتال میں ڈاکٹروں نے سر توڑکوشش کر کے پندرہ سالہ لڑکی کی جان بچا لی۔ محکمہ صحت کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ لڑکی کی حالت میں سُدھار آ چکا ہے اور اب اس کی زندگی خطرے سے باہر ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹروں نے بتایا کہ خوش قسمتی سے چاقو کے چاروں وار جسم کے ایسے حصّوں پر نہیں لگے جن سے لڑکی کی فوری طور پر موت واقع ہو جاتی۔لڑکی کو بروقت اسپتال پہنچانے اور فوری طبی امداد نے اُس کی زندگی بچا لی۔ تاہم اپنی بیٹی پر قاتلانہ حملے اور پھر اُسی کی جان بچانے کی فکر میں مبتلا باپ اُس وقت اسپتال سے فرار ہو گیا، جب اُس نے پولیس کی تفتیشی ٹیم کومعاملے کی چھان بین کے لیے اپنی جانب آتے دیکھا۔ اس عجیب و غریب واقعے کے حوالے سے تفصیلات ابھی سامنے آنا باقی ہیں کہ والد نے کس بات پر شدید اشتعال میں آ کر اپنی بیٹی پر قاتلانہ حملہ کیا۔